ساجد پریمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لفظ آتے ہیں اور جاتے ہیں (غزل)
لفظ آتے ہیں اور جاتے ہیں
پھول ہونٹوں کے تھرتھراتے ہیں
پھول ہی پھول یاد آتے ہیں
آپ جب جب بھی مسکراتے ہیں
آپ جا کر ہوا سے کہہ دیجے
پھول پتے بھی گنگناتے ہیں
دھوپ بیٹھی رہی منڈیروں پر
اور کچھ پنچھی چہچہاتے ہیں
مسکراہٹ کھلی ہے چہرے پر
اشک آنکھوں میں جھلملاتے ہیں
ان نگاہوں کے لکچھ پر میں ہوں
زخم لے کر کے تیر آتے ہیں
ایسے تیراک ہم نہیں ساجدؔ
خوف گہرائیوں سے کھاتے ہیں
دل کے آنگن میں جو دیوار اٹھا لی جائے (غزل)
دل کے آنگن میں جو دیوار اٹھا لی جائے
ایک کھڑکی بھی محبت کی بنا لی جائے
پاک سیرت ہیں بہت نور کا پیکر ہیں وہ
ذہن میں حسن کی تصویر بنا لی جائے
زیر کرنے کے لئے لاکھ طریقے ڈھونڈو
کیا ضروری ہے کہ دستار اچھالی جائے
ذہن چاہت کی ہی خوشبو سے معطر ہوگا
ذہن میں بات عداوت کی نہ پالی جائے
عام رستہ ہے یہاں بھیڑ ملے گی تم کو
مطلبی راہ پہ یہ زیست نہ ڈھالی جائے
ایک کم ظرف کے احسان تلے دب جانا
اس سے بہتر ہے کہ کشکول اٹھا لی جائے
کیجیے آپ تو مہمان نوازی ساجدؔ
گر ہے زحمت تو یہ زحمت بھی اٹھا لی جائے