ساجد نقشبندی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہم فقیروں سے کیا لیجیے (غزل)
ہم فقیروں سے کیا لیجیے
بس دعا ہے دعا لیجیے
خود کا بھی جائزہ لیجیے
ہاتھ میں آئنہ لیجیے
من کے دیپک اگر مر گئے
دھوپ تن پر ہو کیا لیجیے
بیش قیمت ہے ہیرے سے بھی
اپنا ایماں بچا لیجیے
حرف آئے نہ کردار پر
خود کو ایسا بنا لیجیے
میرے زخموں کی تصویر ہے
یہ غزل گنگنا لیجیے
رکھ دیا ہے ہتھیلی پہ سر
اور ساجدؔ سے کیا لیجیے
میں کوئی وقت نہیں ہوں جو گزر جاؤں گا (غزل)
میں کوئی وقت نہیں ہوں جو گزر جاؤں گا
حشر تک اپنے ہی مرکز پہ ٹھہر جاؤں گا
چاہ کر بھی وہ مجھے بھول سکے گا کیوں کر
اک کسک بن کے دل و جاں میں اتر جاؤں گا
آئنے میں بھی نظر آتا نہیں کوئی جواب
وہ نظر پھیر لے مجھ سے تو کدھر جاؤں گا
ایک مفلس کا کرے کیوں یہ زمانہ افسوس
موت آئے گی خموشی سے گزر جاؤں گا
میری جاگیر ہے کیا تیری عنایت کے سوا
لے کے دنیا سے یہی داغ جگر جاؤں گا
میری آواز دبائے گی کہاں تک دنیا
میں صدا بن کے ہواؤں میں بکھر جاؤں گا
حق پرستی کو میں بنیاد عبادت سمجھوں
قول بدلوں گا نہیں بات پہ مر جاؤں گا
نا تراشیدہ ہوں پتھر مری توقیر ہی کیا
تیرے ہاتھوں میں جو آ جاؤں سنور جاؤں گا
اپنا دیوانہ مجھے کہہ دیں اگر وہ ساجدؔ
مسکراتے ہوئے دنیا سے گزر جاؤں گا