ساجد خیرآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نہ کوئی مونس و ہمدم نہ کوئی یاور تھا (غزل)
نہ کوئی مونس و ہمدم نہ کوئی یاور تھا
رفیق غم جو مرا تھا تو قلب مضطر تھا
کسی کے حسن فسوں گر میں یہ بھی جوہر تھا
کہ اب وہ موم ہوا ہے کبھی جو پتھر تھا
تمہارے عشق نے فکر و نظر کو وسعت دی
رہ حیات میں چلنا تو ورنہ دوبھر تھا
عبث خلوص و مروت کو تم نے چھوڑ دیا
عروس زیست کا لوگو یہی تو زیور تھا
یہ تاج تاج محل عشق کی بدولت ہے
وگرنہ یہ تو فقط قصر سنگ مرمر تھا
تمہارا نام ہی میرا رفیق جاں ٹھہرا
تمہارا غم ہی مری زندگی کا محور تھا
اسی سبب تو میں کل شب ہوا تھا نم دیدہ
مری نظر میں تری رخصتی کا منظر تھا
نگاہ اہل خرد میں نہ جس کی قیمت تھی
نگاہ اہل جنوں میں وہ سب سے بہتر تھا
مجھے بھی منزل مقصود مل گئی ساجدؔ
ہر اک قدم پہ مرا عزم میرا رہبر تھا
احساس کی قندیل وہ جلنے نہیں دیتا (غزل)
احساس کی قندیل وہ جلنے نہیں دیتا
افکار کو اشعار میں ڈھلنے نہیں دیتا
وہ چشمۂ جذبات ابلنے نہیں دیتا
آنکھوں سے مری اشک نکلنے نہیں دیتا
گرداب بلا حد سے نکلنے نہیں دیتا
چاہوں جو سنبھلنا تو سنبھلنے نہیں دیتا
انداز انا ہے کہ یہ احساس ندامت
جو ذات کے صحرا سے نکلنے نہیں دیتا
نالاں ہے مرے ذہن سے خورشید تمنا
جو برف جمی ہے وہ پگھلنے نہیں دیتا
گھیرے ہے مجھے ترک تعلق کا وہ لمحہ
موسم کی طرح رنگ بدلنے نہیں دیتا
برسوں جسے سمجھائے تھے آداب مراسم
اب مجھ کو وہی شخص سنبھلنے نہیں دیتا
ہے اس کو سلگتے ہوئے موسم سے شکایت
رخ بھی وہ ہواؤں کا بدلنے نہیں دیتا
اس دور ترقی کا یہ اعجاز ہے ساجدؔ
فرسودہ روایات پہ چلنے نہیں دیتا