ساجد ہاشمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نہ جادو ہوں نہ ٹونا ہو گیا ہوں (غزل)
نہ جادو ہوں نہ ٹونا ہو گیا ہوں
مجھے ہونا تھا ہونا ہو گیا ہوں
انہیں پارس نہ کہہ دوں تو کہوں کیا
جنہیں چھو کر میں سونا ہو گیا ہوں
بڑھا ہے جب سے قد خواہش کا میری
لگا ہے اور بونا ہو گیا ہوں
وہ میرے دل سے اکثر کھیلتے ہیں
زہے قسمت کھلونا ہو گیا ہوں
وہ چل چل کر تمنا روندتے ہیں
میں بچھ بچھ کر بچھونا ہو گیا ہوں
کبھی کاتا گیا حالات کے دھر
کبھی میں ادھ بلونا ہو گیا ہوں
مری غزلیں ہی تو ساتھی ہیں ساجدؔ
وگرنہ ایک کونا ہو گیا ہوں
تارے سارے رقص کریں گے چاند زمیں پر اترے گا (غزل)
تارے سارے رقص کریں گے چاند زمیں پر اترے گا
عکس مرے محبوب کا جب بھی جل کے اندر اترے گا
ان نینوں میں سب کچھ کھویا دل ڈوبا اور ہوش گئے
جن نینوں کی گہرائی میں ایک سمندر اترے گا
شہر دل کے ہر رستے پر دیپ جلائے بیٹھا ہوں
ان کی یادوں کا یہ لشکر میرے گھر پر اترے گا
وہ آئے تو سارا آنگن سارا گلشن مہکے گا
ان کا جلوہ خوشبو بن کر گل میں اکثر اترے گا
دیوانہ تو دیوانہ ہے کیا رستہ اور کیا منزل
پر اپنے محبوب کے گھر ہی ایسا بے گھر اترے گا
گھر چھوٹے ہیں پر لوگو کے دل تو محلوں جیسے ہیں
اس بستی میں اک نہ اک دن ایک سکندر اترے گا
تم سب سے اچھے ہو ساجن اور ساجدؔ کو پیارے ہو
روپ تمہارا اب کاغذ پر غزلیں بن کر اترے گا