ساجد حمید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
درد اتنا بھی نہیں ہے کہ چھپا بھی نہ سکوں (غزل)
درد اتنا بھی نہیں ہے کہ چھپا بھی نہ سکوں
بوجھ ایسا بھی نہیں ہے کہ اٹھا بھی نہ سکوں
یوں سمائی ہے ان آنکھوں میں بتا بھی نہ سکوں
دل کی دیوار پہ تصویر سجا بھی نہ سکوں
خیریت پوچھتے رہتے ہو مگر حال یہ ہے
اس کی آواز میں آواز ملا بھی نہ سکوں
آ مرے پاس ذرا سن کے بتا کہتی ہے کیا
دل کی دھڑکن جو سر عام سنا بھی نہ سکوں
جبر دیکھا تھا مگر ایسا نہیں دیکھا تھا
ایسے پہرے ہیں کہ پلکیں میں اٹھا بھی نہ سکوں
انگلیاں چاک ہوا کرتی تھیں پہلے ساجدؔ
اب گئے ہاتھ کہ میں ہاتھ ملا بھی نہ سکوں
رنگ برنگے سپنوں جیسی آنکھیں تیری (غزل)
رنگ برنگے سپنوں جیسی آنکھیں تیری
شام کی پہلی کرنوں جیسی آنکھیں تیری
صبح کی بھیگی خوشبو رنگت چہرہ تیرا
دیوالی کی راتوں جیسی آنکھیں تیری
مہکاتی ہیں جگنو بن کر منظر سارا
میرے دل کے سجدوں جیسی آنکھیں تیری
حسن تبسم تیری نظروں کی ہر دھڑکن
برنداون کی شاموں جیسی آنکھیں تیری
نغمہ بن کر چھا جاتی ہیں ساجدؔ دل پر
وصل کی روشن لمحوں جیسی آنکھیں تیری
زیست کے دائرے میں مقید ہوئے (نظم)
زیست کے دائرے میں مقید ہوئے
اک زمانہ ہوا
مسکراتے ہوئے
ایستادہ جو اشجار آنگن میں تھے
کٹ گئے بٹ گئے
دیو آسا جو سائے تھے رخصت ہوئے
طائر خوش نوا ہجرتیں کر گئے
ہر قدم حادثہ
اک نیا حادثہ
میری رگ رگ سے طاقت چرا لے گیا
دور آفاق پر ٹمٹماتے ہوئے
جو ستارے تھے خوابوں کے اوجھل ہوئے
زیست کا دائرہ تنگ ہونے لگا
دائرے سے نکلنے کی سب کوششیں رائیگاں ہو گئیں
گھر کے دیوار و در
بے یقینی کے عالم میں تکنے لگے
اور پھر دیر تک مجھ کو تکتے رہے
لوگ ہنستے رہے
زیست کے دائرے میں مقید ہوئے اک زمانہ ہوا
میوزیم میں مجھے اب سجا دیجئے میں پرانا ہوا