ساجد اثر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
برداشت کی حدوں سے مرا دل گزر گیا (غزل)
برداشت کی حدوں سے مرا دل گزر گیا
آندھی اٹھی تو ریت کا ٹیلہ بکھر گیا
تحریک جب جمود کے سانچے میں ڈھل گئی
ایسا لگا کہ خون رگوں میں ٹھہر گیا
وہ شخص جس نے عمر گزاری تھی دھوپ میں
ٹھنڈک کی جائیداد مرے نام کر گیا
میں اس کو ہم خیال سمجھتا رہا مگر
سینے میں اختلاف کا چاقو اتر گیا
پر ہول واقعات کے گنبد میں ہیں اسیر
ہم کیا کریں ہماری دعا کا اثرؔ گیا
سوچ کی لہروں کا مجمع ٹھیک ہے (غزل)
سوچ کی لہروں کا مجمع ٹھیک ہے
زندگی کا مسئلہ باریک ہے
اشک ریزی کی مجھے عادت نہیں
غم برائے غم مری تضحیک ہے
ہم کو پھولوں کی سند مل جائے گی
خوشبوؤں کا مدرسہ نزدیک ہے
میرے زخموں کی انا ہے مختلف
تیری ہمدردی کا مرہم بھیک ہے
اپنی کوشش تو چمکتی ہے مگر
کامیابی کی گلی تاریک ہے
مسکراہٹ کے تعاقب میں اثرؔ
آنسوؤں کی دل شکن تحریک ہے
مزید غزلیں از ساجد اثر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں