پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ساجد امجد کی غزلیں — Sajid Amjad Ghazals

ساجد امجد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شکستہ دل تھے ترا اعتبار کیا کرتے (غزل)

شکستہ دل تھے ترا اعتبار کیا کرتے

جو اعتبار بھی کرتے تو پیار کیا کرتے

ذرا سی دیر کو بیٹھے تھے پھر اٹھا نہ گیا

شجر ہی ایسا تھا وہ سایہ دار کیا کرتے

شب انتظار میں دن یاد یار میں کاٹے

اب اور عزت لیل و نہار کیا کرتے

کبھی قدم سفر شوق میں رکے ہی نہیں

تو سنگ میل بھلا ہم شمار کیا کرتے

ستم شناس محبت تو جاں پہ کھیل گئے

نشانۂ ستم روزگار کیا کرتے

ہماری آنکھ میں آنسو نہ اس کے لب پہ ہنسی

خیال خاطر ابر بہار کیا کرتے

وہ ناپسند تھا لیکن اسے بھلایا نہیں

جو بات بس میں نہ تھی اختیار کیا کرتے

درون خانۂ دل کیسا شور ہے ساجدؔ

ہمیں خبر تھی مگر آشکار کیا کرتے

چلو دنیا سے ملنا چھوڑ دیں گے (غزل)

چلو دنیا سے ملنا چھوڑ دیں گے

مگر ہم آئنے سے کیا کہیں گے

چلیں گے روشنی ہوگی جہاں تک

پھر اس کے بعد تجھ سے آ ملیں گے

یہاں کچھ بستیاں تھیں اب سے پہلے

ملا کوئی تو یہ بھی پوچھ لیں گے

یہ سایہ کب تلک سایہ رہے گا

کہاں تک پیڑ سورج سے لڑیں گے

چراغ اس تیرگی میں کب جلے گا

یہ شہر آباد ہیں پر کب بسیں گے

جو حسن کشمکش ہے در تہہ آب

سبک ساران ساحل سے کہیں گے

جنہیں ساجدؔ غم آئندگاں ہے

سرود شام رفتہ کیا سنیں گے

مزید غزلیں از ساجد امجد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں