پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ساجدہ صبا کی غزلیں — Sajida Saba Ghazals

ساجدہ صبا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زندگی نے جو ہمیں دی تھی گھٹن بھول گئے (غزل)

زندگی نے جو ہمیں دی تھی گھٹن بھول گئے

اس کی آنکھوں میں جو دیکھا تو تھکن بھول گئے

ایسے بیٹوں سے بھلا کون کرے گا امید

جا کے پردیس میں جو اپنا وطن بھول گئے

کل جو چلتے تھے زمینوں پہ اکڑ کر اتنا

مفلسی میں وہ اب اندر کی پتن بھول گئے

کاغذی وعدوں کے کچھ ہار گلے میں جو پڑے

ہم غلامی کے سبھی طوق و رسن بھول گئے

اس نئے دور کے حالات کی سنگینی سے

جو ابھر آئی تھی ماتھے پہ شکن بھول گئے

ان کی چھوڑو وہ جو کرتے ہیں انہیں کرنے دو

آپ کیوں اپنی محبت کا چلن بھول گئے

اپنے اشعار سنا کر چلے جاتے ہیں صباؔ

رسم آداب بھی اب اہل سخن بھول گئے

دکھائی دیں گی نہیں تم کو زندگی کی طرح (غزل)

دکھائی دیں گی نہیں تم کو زندگی کی طرح

ہماری آنکھیں ہیں سوکھی ہوئی ندی کی طرح

وہ روز ملتا ہے مجھ سے کوئی غرض لے کر

مجھے یہ رشتہ نہیں لگتا دوستی کی طرح

کبھی تو لوگوں کی چیخیں بلند ہوتی ہیں

کبھی یہ چیخیں بھی ہوتی ہیں خامشی کی طرح

اسے نہ قتل کرو آگ اور بھڑکے گی

وہ آدمی نہیں ہے عام آدمی کی طرح

اندھیری شب میں سہارا بنی تمہاری یاد

تمہارا عکس نظر آیا چاندنی کی طرح

تری جدائی نے پاگل بنا دیا مجھ کو

تمام غم ہوئے رخصت مری خوشی کی طرح

مجھے پتہ ہے صباؔ قافیے ردیف اس کے

میں پڑھتی رہتی ہوں دنیا کو شاعری کی طرح

مزید غزلیں از ساجدہ صبا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں