پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ساجد اختر محشر انصاری کی غزلیں — Sajid Akhtar Mehshar Ansari Ghazals

ساجد اختر محشر انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ان کی آنکھوں کے جام کاغذ پر (غزل)

ان کی آنکھوں کے جام کاغذ پر

مے کشی کا پیام کاغذ پر

اس نے بھیجا سلام کاغذ پر

ہو رہا ہے کلام کاغذ پر

روپ لے گی حسیں عمارت کا

ہے محبت جو خام کاغذ پر

تتلیاں اس پہ آ کے بیٹھ گئیں

تیرا لکھا جو نام کاغذ پر

بس لبوں کے نشان پڑھتا ہوں

خط کا مضموں تمام کاغذ پر

لکھ رہا ہے غزل کو شہزادی

ایک ادنیٰ غلام کاغذ پر

اس کی زلفوں پہ کچھ کہا جوں ہی

ہو گئی جیسے شام کاغذ پر

ملی ہے راہ محبت میں اعتبار کی چھاؤں (غزل)

ملی ہے راہ محبت میں اعتبار کی چھاؤں

سلگتے صحرا میں ہے ساتھ تیرے پیار کی چھاؤں

وہ تیری زلف گرہ گیر کا گھنا سایہ

خزاں میں آنے لگی یاد وہ بہار کی چھاؤں

تری وفا نے وفا کی نہیں اسی غم میں

ترے خطوط کو دینی پڑی غبار کی چھاؤں

جو تیری ذات کی حمد و ثنا سے ہے منسوب

مجھے نصیب ہو مولیٰ اسی دیار کی چھاؤں

ستم گروں پہ چلی اور بن گئی مخلص

ستم رسیدہ پہ شمشیر آبدار کی چھاؤں

یہ ایسا پیڑ ہے جو آگ ہی اگلتا ہے

ہمیں نصیب کہاں حزب اقتدار کی چھاؤں

ہوں سوکھا پیڑ تری رہ گزر کا اے محشرؔ

سو دے رہا ہوں تجھے میرے اختیار کی چھاؤں