ساجد اختر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جانے کیا کیا میں ہار بیٹھا ہوں (غزل)
جانے کیا کیا میں ہار بیٹھا ہوں
کھو کے اپنا وقار بیٹھا ہوں
ملنے آئیں گے آج وہ مجھ سے
اس لیے بے قرار بیٹھا ہوں
بپھری موجیں ہیں پھر بھی میں یارو
کر کے دریا کو پار بیٹھا ہوں
نوٹ بندی نے ایسا مارا ہے
ساری دولت میں ہار بیٹھا ہوں
آج تک اچھے دن نہیں آئے
پھر بھی دل تجھ پہ وار بیٹھا ہوں
تو حسیں ہے تو کیا ہوا جاناں
میں بھی صورت نکھار بیٹھا ہوں
تجھ سے ملنے کی آرزو ہے تبھی
راہ میں میرے یار بیٹھا ہوں
تاکہ مائل ہو تو بھی میری طرف
لے کے میں دل میں پیار بیٹھا ہوں
میں بھی تیری حسیں نگاہوں کا
ہو کے ہمدم شکار بیٹھا ہوں
میں ہوں ساجدؔ سناؤ گے کیا کیا
سن کے باتیں ہزار بیٹھا ہوں
میں اب ماضی کا ہر سپنا سہانہ بھول جاتا ہوں (غزل)
میں اب ماضی کا ہر سپنا سہانہ بھول جاتا ہوں
مری جاناں ترا ملنا ملانا بھول جاتا ہوں
وہ میرا دوست تھا اب دشمن جاں بن گیا ہے جب
میں اس کو دیکھ کر اپنا نشانہ بھول جاتا ہوں
جو کل تک یار تھا میرا مگر اب غیر ہے یارو
تبھی تو اس سے اب دل کا لگانا بھول جاتا ہوں
کبھی جس نے دیا تھا درد مجھ کو راہ الفت میں
وہ درد دل مری جاناں پرانا بھول جاتا ہوں
لکھا تھا شاعر مشرق نے اپنے خون سے جس کو
عجب حالات ہیں اب وہ ترانہ بھول جاتا ہوں
دریچہ بند رہتا ہے اب اس کے گھر کا اے ساجدؔ
میں اب محبوب کے کوچے میں جانا بھول جاتا ہوں