پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صائمہ جبین مہک کی غزلیں — Saima Jabeen Mahak Ghazals

صائمہ جبین مہک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کوئی خوشبو مٹی سے آنے لگی ہے (غزل)

کوئی خوشبو مٹی سے آنے لگی ہے

زمیں پر وہ بوندیں گرانے لگی ہے

پلٹ آئی ہے پھر سے ساون کی بارش

کڑی دھوپ گھر سے ہٹانے لگی ہے

محبت محبت عقیدت عقیدت

یہ نغمے سہانے سنانے لگی ہے

کہاں سے نکل آئے ہیں یہ پتنگے

یہ کس کس کو بارش جگانے لگی ہے

محلے میں خاموش رہتی تھی لڑکی

جہاں سارا سر پر اٹھانے لگی ہے

دھنک سے لپک کر وہ ملنے لگی ہے

گماں سے بھی اب پار جانے لگی ہے

تمازت غموں کی جلاتی بہت تھی

مری آگ بارش بجھانے لگی ہے

یہ غفلت کے پردے بھی دل سے ہٹا دے

دعا لب پہ میرے یہ آنے لگی ہے

مہکؔ آنکھ سے ٹپکا پانی بہت ہے

ندامت سے آنسو بہانے لگی ہے

تو میرے دل میں اتر آ کبھی قیام تو کر (غزل)

تو میرے دل میں اتر آ کبھی قیام تو کر

ملن سے اپنے کوئی پھر حسین شام تو کر

خموش کیوں ہے تو اب یہ خموشی توڑ بھی دے

بہت اداس ہوں میں آ کوئی کلام تو کر

مجھے پتہ ہے گزرتے ہو روز اس گلی سے

کبھی گزرتے ہوئے ہی ٹھہر سلام تو کر

یہ نفرتیں مٹا تسکین دیکھ پیار کی پھر

محبتوں میں سکوں کتنا ہے یہ عام تو کر

سمیٹ لا تو بہاریں مرے لیے بھی مہک

یہ پھول خوشبو کبھی سب مرے بھی نام تو کر

بندھے ہاتھوں میں ہم نے (نظم)

بندھے ہاتھوں میں ہم نے

صبح نو کے چراغ اٹھا رکھے ہیں

اپنی آنکھوں کو روشنی کا حوالہ دے کر

کتاب ہجر میں ستاروں کو اجال رکھا ہے

کبھی تو لے آئیں گی کوئی چاند

میری شام کی چوکھٹ پر میری آنکھیں

جو انتظار کی دہلیز پر ستارہ بنی بیٹھی ہیں

کبھی تو طلوع آفتاب شب کے دہانے پر

شبنم کے قطروں کو موتی بنا دے گا

ہے مشکل میں جان ہماری لیکن

زندگی کی چوکھٹ پر جینے کا سامان کئے بیٹھے ہیں

تم سے بچھڑ کر ہم نے شہ رگ نہیں کاٹی

تم کیا جانو شب فرقت کے عذاب جان لیوا تو ہیں مگر

عشق کی اس دھیمی آنچ پر

جلنے کا جو مزہ ہے وہ تمہارے میکدے کے

جام توڑ توڑ کر بھی نہ ملا ہم کو

دیکھو یہ جو چار سو ویرانیاں تنہائیاں اور خاموشیاں ہیں

یہ تمہارے دیس سے ہی آئی ہیں

اب رفاقت کے شب و روز کا اتنا تو حق ہم پر واجب ہے

کہ تمہاری دی ہوئی حسرتوں کو

دل کے مدفن پر تھوڑی سی جگہ دے دیں

سنو ہم زندہ ہیں زندان محبت میں

جو اگر ہو کبھی ممکن تو کوئی قصہ وفا کا

ہمارے نام لکھ دینا

ہم شہر محبت کے ڈسے ہوئے مکیں ہیں

ہماری روحوں کا حوالہ بس پیار لکھ دینا

ہمارے دل کے مدفن پر یادوں کے گلاب سجانا

جو تمہارے شہر کی ہوائیں ہیں

ان کو ہماری گلی کا پتہ دے دینا

مزید غزلیں از صائمہ جبین مہک ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں