صائمہ اسحاق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نئی ٹھوکر لگے گی تو سنبھلنا سیکھ لیں گے ہم (غزل)
نئی ٹھوکر لگے گی تو سنبھلنا سیکھ لیں گے ہم
حصار بے بسی سے بھی نکلنا سیکھ لیں گے ہم
بڑی چاہت سے اپنے رنگ تیری سمت بھیجے تھے
نئے رنگوں کی چاہت کو کچلنا سیکھ لیں گے ہم
ابھی تو بس منڈیروں تک تمہاری دھوپ آئی ہے
ڈھلے گا دن تو اس کے ساتھ ڈھلنا سیکھ لیں گے ہم
طریقہ کچھ نیا تم سوچ رکھنا مات دینے کا
اسی اثنا میں کوئی چال چلنا سیکھ لیں گے ہم
کئی موسم رہے ہیں نوحہ خواں اس برف جانی پر
سو اب تو سرد آہوں پر پگھلنا سیکھ لیں گے ہم
ہوئے مسمار تو اب صائمہؔ یہ سوچ بیٹھے ہیں
ہوا کا دیکھ کر کے رخ بدلنا سیکھ لیں گے ہم
اک اسی بات پہ پھولے نہ سمائے ہم بھی (غزل)
اک اسی بات پہ پھولے نہ سمائے ہم بھی
شکر صد شکر تمہیں یاد تو آئے ہم بھی
مہرباں وہ ترے لہجے سے برستا ساون
جس کی رم جھم میں بڑی دیر نہائے ہم بھی
لوگ حیران ہیں کیوں دیکھ کے تم کو آخر
اس تجسس میں تمہیں دیکھنے آئے ہم بھی
مفت کے مشورے یہ تم بھی سنبھالو اپنے
اپنی محفوظ رکھیں قیمتی رائے ہم بھی
گو بہت گہرے ہیں ڈھونڈو گے تو مل جائیں گے
ہو چکے صائمہؔ اب شام کے سائے ہم بھی
عورتیں جنس تو نہیں ہوتیں (نظم)
عورتیں جنس تو نہیں ہوتیں
جن کو بازار میں کھڑا کر دو
اپنے ہر اک گناہ کے بدلے
ان کو تاوان میں ادا کر دو
اپنے کردار کی گراوٹ کو
ایسے چہروں پہ تم سجاتے ہو
اپنی تہذیب کا حسیں چہرہ
کس طرح مسخ کرتے جاتے ہو
اپنی ماں بہن اور بیٹی کا
جس طرح ماس نوچ کھاتے ہو
ایسے بے حس تماش بینوں کی
آنکھ کی روشنی پہ حیرت ہے
ایسی غیرت کے نام پر ننگی
ناچتی زندگی پہ حیرت ہے