پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صائمہ اسما کی غزلیں — Saima Esma Ghazals

صائمہ اسما کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خالی ہاتھوں میں محبت بانٹتی رہ جاؤں گی (غزل)

خالی ہاتھوں میں محبت بانٹتی رہ جاؤں گی

اپنے خالی ہاتھ آخر دیکھتی رہ جاؤں گی

کوچ کر جائیں گے سب دشت وفا سے قافلے

خواب آنکھوں میں لئے میں سوئی ہی رہ جاؤں گی

بھول جائے گا کوئی مجھ کو بجھانے کا ہنر

صبح بھی آئی تو شب بھر سے جلی رہ جاؤں گی

پاؤں گی جرم محبت کی انوکھی سی سزا

وقت کے ہونٹوں پہ میں اک ان کہی رہ جاؤں گی

تم نے چھوڑا ہے تو رستے اور روشن ہو گئے

تم یہ سمجھے تھے کہ رستے میں کھڑی رہ جاؤں گی

وسعت افلاک میں بھی نسبت زہرہ کہاں

ٹوٹ کر بھی لمحہ بھر کی روشنی رہ جاؤں گی

آج سوچا ہے کہ خود رستے بنانا سیکھ لوں

اس طرح تو عمر ساری سوچتی رہ جاؤں گی

سنتے رہتے ہیں فقط کچھ وہ نہیں کہہ سکتے (غزل)

سنتے رہتے ہیں فقط کچھ وہ نہیں کہہ سکتے

آئنوں سے جو کہیں ان کو نہیں کہہ سکتے

ان کے لہجے میں کوئی اور ہی بولا ہوگا

مجھے لگتا ہے کہ ایسا وہ نہیں کہہ سکتے

شہر میں ایک دوانے سے کہلواتے ہیں

اہل پندار مرے خود جو نہیں کہہ سکتے

یوں تو مل جانے کو دم ساز کئی مل جائیں

دل کی باتیں ہیں ہر اک سے تو نہیں کہہ سکتے

جانے پھر منہ میں زباں رکھنے کا مصرف کیا ہے

جو کہا چاہتے ہیں وہ تو نہیں کہہ سکتے

تمہیں بھیجوں کتاب زندگی اپنی (نظم)

تمہیں بھیجوں کتاب زندگی اپنی

ذرا ترتیب دے دینا

جہاں پر بات مبہم ہے جسے تفصیل لازم ہے

وہاں پر حاشیہ دینا

کہیں گر دو مکمل لفظ اکٹھے ہو گئے ہوں تو یہ قربت غیر فطری ہے

ضروری ہے مناسب فاصلہ دینا

جہاں پر ختم ہوتا ہو کوئی درد آشنا جملہ

فراموشی کا نقطہ ثبت کر دینا

وہیں پر ختم کر دینا

نئے اوراق میں لے کر نہیں چلنا

ادق سی اصطلاحیں ہیں کئی جن کو سمجھنے سے

میں قاصر آج تک ہوں

پھر بڑے الجھاؤ ہیں جن کا سرا اب تک نہیں ملتا

تمہیں لازم ہے وحدانی خطوں میں ان کا مطلب کھول کر لکھنا

مقام ایسے بھی ہیں جن پر قدم یوں ڈگمگائے تھے

کہ شانوں پر رکھی ساری عمارت ڈول جاتی تھی

انہیں واوین دے دینا

کئی خوشیوں کی سطریں تھیں

جو غم انگیز پیروں میں کہیں مل جل گئی ہیں

چھانٹ کر ان کو الگ کرنا

نیا عنوان دے دینا

ذرا کچھ شکل بن جائے تو یوں کرنا

ہوا کے ہاتھ میں دینے سے پہلے

اک پرانی نقل اپنے پاس رکھنا

اک مجھے ارسال کر دینا

مزید غزلیں از صائمہ اسما ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں