پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صائمہ آفتاب کی غزلیں — Saima Aftab Ghazals

صائمہ آفتاب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اے رنج آگہی کوئی چارہ تو ہوگا نا (غزل)

اے رنج آگہی کوئی چارہ تو ہوگا نا

چل خوش نہ رہ سکیں گے گزارا تو ہوگا نا

یہ آرزو بھی وقت کے دھارے میں بہہ گئی

اب ناں سہی کبھی وہ ہمارا تو ہوگا نا

جاتی ہے جو متاع دل و جاں تو کیا ملال

یہ عشق کی دکاں ہے خسارہ تو ہوگا نا

ہر آن جس کا ذکر ہے اس بے نیاز نے

بھولے سے میرا نام پکارا تو ہوگا نا

میں زاد رہ کے طور پہ بس خواب لائی ہوں

اے ہم سفر تجھے یہ گوارا تو ہوگا نا

کیا اجنبی بنیں گے اگر پھر کبھی ملے

کیا بات بھی نہ ہوگی اشارہ تو ہوگا نا

کرنا کرانا چھوڑ زبانی ہی ساتھ دے

تنکے کا ہو اگرچہ سہارا تو ہوگا نا

عبث وجود کا دکھ تنگیٔ حیات کا دکھ (غزل)

عبث وجود کا دکھ تنگیٔ حیات کا دکھ

کہ دل نے پالا ہوا ہے ہر ایک ذات کا دکھ

تلاش جنت و دوزخ میں رائیگاں انساں

زمیں پہ روز مناتا ہے کائنات کا دکھ

کئی جھمیلوں میں الجھی سی بد مزہ چائے

اداس میز پہ دفتر کے کاغذات کا دکھ

تمام دن کی مصیبت تو بانٹ لی ہم نے

کبھی کہا ہی نہیں اپنی اپنی رات کا دکھ

گئے دنوں کا کوئی خواب دفن ہے شاید

کہ اب بھی آنکھ سے رستا ہے باقیات کا دکھ

امام تشنہ کی اولاد ٹھہری ہوں آخر

سو مجھ کو یکساں ملا راوی و فرات کا دکھ

نہ جانے مالک کن کس طرح نبھاتا ہے

یہ دسترس کی سہولت یہ ممکنات کا دکھ

ہمیشہ ایک لمحہ ہے (نظم)

ہمیشہ ایک لمحہ ہے

ہمیشہ جاودانی ہے

یہ کچھ گھنٹے ہمیشہ ہیں

ہمیشہ زندگی بھر ہے

سنو جب کہہ رہے تھے ہم

ہمیشہ ساتھ رہنا ہے

تو مطلب کیا بھلا اس کا

ہمیشہ کس نے دیکھا ہے

مزید غزلیں از صائمہ آفتاب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں