پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صائمہ خیری کی غزلیں — Saima Khairi Ghazals

صائمہ خیری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں اپنے گھر کے خموش در پہ (نظم)

میں اپنے گھر کے خموش در پہ

کھڑی ہوئی ہوں

میں ایک کمرے سے

دوسرے کو

لرزتے قدموں سے بڑھ رہی ہوں

میں چھت کے زینے پہ چڑھ رہی ہوں

تمہاری آواز آ رہی ہے

گلی گلی کے

تمام چہرے

مشین دفتر لباس سارے

دکاں مکاں اور مکین سارے

بسوں کے اٹھتے دھوئیں میں تحلیل ہو رہے ہیں

ہوا کی سانسیں بکھر رہی ہیں

میں نیم شب کے اتھاہ کنوئیں میں

سمٹ رہی ہوں

سلگتی آنکھوں کو ساتھ لے کر

میں نیم خوابی میں چل رہی ہوں

زمیں کا سینہ بلک رہا ہے

ہزار صدیوں کا اک سفر ہے

ابلتے آنسو مچلتے ساگر

پگھلتے لاوے کو پی رہی ہوں

میں زرد پودے کو زندہ پانی پلا رہی ہوں

میں جلتے زخموں پہ ٹھنڈا مرہم لگا رہی ہوں

تمام اشکوں کے واسطے میں

یہ نرم آنچل بچھا رہی ہوں

تمام عالم کرن کرن ہے

عجیب خوشبو

تمام عالم تمام سانسوں

پہ چھا رہی ہے

مہک کی آنکھیں دمک اٹھی ہیں

گلاب سے لوح بھر رہی ہے

مزید غزلیں از صائمہ خیری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں