پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سیفی پریمی کی غزلیں — Saifi Premi Ghazals

سیفی پریمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ عارض گلابی وہ گیسو گھنیرے (غزل)

وہ عارض گلابی وہ گیسو گھنیرے

اسی سمت ہیں دیدہ و دل کے پھیرے

اجالے کی روداد وہ دل لکھے گا

کہ جس دل سے پسپا ہوئے ہیں اندھیرے

بڑا فرق ہے تیرے میرے جہاں میں

ادھر ظلمت شب ادھر ہیں سویرے

کسی سے کبھی آپ بیتی نہ کہنا

امڈ آئیں گے ہر طرف سے اندھیرے

خلوص دل و جاں مری کم نگاہی

فریب مسلسل بھی احسان تیرے

وہ اک وعدۂ جام سرشار و رنگیں

وہ اک شام لیکن ہزاروں سویرے

ہر اک فتنہ گر دیکھ لے رنگ سیفیؔ

اسی آشیانے میں سکھ کے بسیرے

خوشبو ہے شرارت ہے رنگین جوانی ہے (غزل)

خوشبو ہے شرارت ہے رنگین جوانی ہے

یادوں کے پرستاں میں شیشے کی کہانی ہے

ماضی کی حقیقت ہے اس دور میں افسانہ

سیتا بھی کہانی ہے مریم بھی کہانی ہے

دشمن سے خطر والو لمحوں پہ نظر رکھنا

ہر لمحۂ ہستی بھی تلوار کا پانی ہے

ہونٹوں کا مہک اٹھنا آنچل کا ڈھلک جانا

ان پاک گناہوں کی تاریخ پرانی ہے

اس شوخ کے متوالو رگ رگ سے لہو مانگو

پتھر پہ غم دل کی تصویر بنانی ہے

برسات میں بھیگا ہے دوشیزہ بدن اس کا

ناصح کو بھی بلوا لو اب آگ میں پانی ہے

تاریخ بدایوں میں معروف سخن ور ہیں

سیفیؔ کی نظر لیکن گرویدۂ فانیؔ ہے

مزید غزلیں از سیفی پریمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں