سیفی امروہوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تڑپانے لگی اب تو انہیں میری کمی بھی (غزل)
تڑپانے لگی اب تو انہیں میری کمی بھی
اس بات کا افسوس بھی ہے مجھ کو خوشی بھی
شائستہ روی حسن ہے کردار کا لیکن
اس دور میں اک جرم ہے شائستہ روی بھی
تسلیم کہ ہیں حسن کی قدریں بھی مسلم
اس کے لیے لازم ہے مگر خوش نظری بھی
یہ تلخئ حالات کا عالم ہے کہ توبہ
اس عرصے میں وہ یاد نہیں آئے کبھی بھی
حق گوئی کی جرأت کے لبادوں میں لپٹ کر
اب شامل تہذیب ہوئی بے ادبی بھی
سیفیؔ کو ہر اک دیکھنے والے نے یہ دیکھا
ہونٹوں پہ تبسمؔ بھی تھا آنکھوں میں نمی بھی
ہاں نظر وہ ہے جو مصروف نظارہ بھی نہیں (غزل)
ہاں نظر وہ ہے جو مصروف نظارہ بھی نہیں
اور جلوؤں کو حجابات کا یارا بھی نہیں
خال ہی خال کو ہوتی ہے سعادت یہ نصیب
غم کی دولت پہ ہر اک کا تو اجارہ بھی نہیں
ہائے وہ غم کہ جو بخشیں وہ کرم سے اپنے
ہائے یہ ہم کہ وہ غم ہم کو گوارا بھی نہیں
اہل دنیا ترا انکار بھی کرتے ہیں ادھر
اور بے نام لئے تیرا گزارا بھی نہیں
دوستو حسن کا اک حسن تغافل بھی تو ہے
وہ تمہارا جو نہیں ہے تو ہمارا بھی نہیں
کاش ملتا ہمیں وہ ظرف کہ ہم کہہ سکتے
ہم نے اوروں کو مصیبت میں پکارا بھی نہیں
اس کو طوفان کی شدت کا ہو کیا اندازہ
جس نے کشتی کو سمندر میں اتارا ہی نہیں
میری خاکستر دل ہے یہ مجھے حیرت ہے
اس میں کیا میرے خدا کوئی شرارہ بھی نہیں
پڑھ سکیں دیکھ کے ہم جس کو مقدر کا لکھا
ان ستاروں میں کوئی ایسا ستارہ بھی نہیں
کیوں چلے ضد میں مری باد خزاں کے جھونکے
اپنے گلشن کو ابھی میں نے سنوارا بھی نہیں
اہل ساحل سے کوئی کاش یہ پوچھے سیفیؔ
کیا تمہیں ڈوبنے والے نے پکارا بھی نہیں