سیف زلفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کوفے کے قریب ہو گیا ہے (غزل)
کوفے کے قریب ہو گیا ہے
لاہور عجیب ہو گیا ہے
ہر دوست ہے میرے خوں کا پیاسا
ہر دوست رقیب ہو گیا ہے
ہر آنکھ کی ظلمتوں سے یاری
ہر ذہن مہیب ہو گیا ہے
کیا ہنستا ہنساتا شہر یارو
حاسد کا نصیب ہو گیا ہے
پھیلا تھا مسیح وقت بن کر
سمٹا تو صلیب ہو گیا ہے
کاغذ پہ اگل رہا ہے نفرت
کم ظرف ادیب ہو گیا ہے
اس شہر کے دل نہیں ہے زلفیؔ
یہ شہر غریب ہو گیا ہے
اب کیا گلہ کریں کہ مقدر میں کچھ نہ تھا (غزل)
اب کیا گلہ کریں کہ مقدر میں کچھ نہ تھا
ہم غوطہ زن ہوئے تو سمندر میں کچھ نہ تھا
دیوانہ کر گئی تری تصویر کی کشش
چوما جو پاس جا کے تو پیکر میں کچھ نہ تھا
اپنے لہو کی آگ ہمیں چاٹتی رہی
اپنے بدن کا زہر تھا ساغر میں کچھ نہ تھا
دیکھا تو سب ہی لعل و جواہر لگے مجھے
پرکھا جو دوستوں کو تو اکثر میں کچھ نہ تھا
سب رنگ سیل تیرگیٔ شب سے ڈھل گئے
سب روشنی کے عکس تھے منظر میں کچھ نہ تھا
مزید غزلیں از سیف زلفی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں