پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سیف سحری کی غزلیں — Saif Sehri Ghazals

سیف سحری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ کس نے کہہ دیا ہم آندھیوں سے ڈرتے ہیں (غزل)

یہ کس نے کہہ دیا ہم آندھیوں سے ڈرتے ہیں

ہمیں تو ہیں جو ہواؤں کے پر کترتے ہیں

چراغ جب بھی جلاتے ہیں روشنی کے لیے

مخالفین ہواؤں کے کان بھرتے ہیں

نظر میں رکھتے ہیں خوش رنگ جھیل کے منظر

پرندے خشک زمیں پر کہاں اترتے ہیں

کہاں سے حوصلہ آیا اڑان بھرنے کا

سنا ہے آپ ہواؤں سے بات کرتے ہیں

سلیقہ جن کو نہیں سیفؔ غم اٹھانے کا

وہ آئنے کی طرح ٹوٹ کر بکھرتے ہیں

موسم گل رنگ و نکہت چاند تارے جائیں گے (غزل)

موسم گل رنگ و نکہت چاند تارے جائیں گے

آپ جائیں گے تو یہ دل کش نظارے جائیں گے

اپنا گھر روشن نہیں کرتے اجالے مانگ کر

ہم خودی کا چاند آنگن میں اتارے جائیں گے

اپنا حق لینے کا جب تک حوصلہ ہوگا نہیں

دوسروں کے سامنے دامن پسارے جائیں گے

ٹوٹ جاتے ہیں شجر آندھی میں جو جھکتے نہیں

اس کا یہ مطلب نہیں ہم جنگ ہارے جائیں گے

جو بھی جاتا ہے وہاں سیراب ہو جاتا ہے سیفؔ

ایک دن ہم بھی سمندر کے کنارے جائیں گے

مزید غزلیں از سیف سحری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں