پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سیفی سرونجی کی غزلیں — Saifi Sironji Ghazals

سیفی سرونجی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیا پوچھتے ہو درد کے ماروں کی زندگی (غزل)

کیا پوچھتے ہو درد کے ماروں کی زندگی

یعنی فلک کے ڈوبتے تاروں کی زندگی

پھیلاؤں ہاتھ جا کے بھلا کس کے سامنے

ہم کو نہیں گوارا سہاروں کی زندگی

ساحل پہ آ کے موج تلاطم سے بارہا

برباد ہو گئی ہے ہزاروں کی زندگی

آتی ہے یاد کیوں مجھے رہ رہ کے آج بھی

گلشن کے دل فریب نظاروں کی زندگی

ہے آندھیوں کا خوف نہ ہے ڈوبنے کا ڈر

مجھ کو نہیں پسند کناروں کی زندگی

کس درجہ خوش گوار ہے تنہائیوں میں آج

سیفیؔ چمکتے چاند ستاروں کی زندگی

وفا خلوص محبت عبادتیں اس کی (غزل)

وفا خلوص محبت عبادتیں اس کی

بھلا نہ پاؤں گا یارو محبتیں اس کی

قدم قدم پہ مجھے جس نے حوصلہ بخشا

چراغ راہ بنی ہیں نصیحتیں اس کی

ہر ایک موڑ پہ اس نے مجھے سنبھالا ہے

میں خوش نصیب کہ پائیں رفاقتیں اس کی

ہے کچھ تو بات یقیناً کہ لوگ کہتے ہیں

یوں ہی نہیں ہیں زمانے میں شہرتیں اس کی

مزید غزلیں از سیفی سرونجی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں