پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سیف سمستی پوری کی غزلیں — Saif Samastipuri Ghazals

سیف سمستی پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ڈبڈبا آتی ہیں آنکھیں اور بھر آتا ہے دل (غزل)

ڈبڈبا آتی ہیں آنکھیں اور بھر آتا ہے دل

حادثات زندگانی جب بھی دہراتا ہے دل

منزل الفت کی تنہائی میں پہروں بیٹھ کر

دل کو سمجھاتا ہوں میں اور مجھ کو سمجھاتا ہے دل

ٹھہر جا اے گردش دوراں ذرا کچھ دیر کو

بارگاہ حسن میں آرام فرماتا ہے دل

جب بھی کرتا ہوں رقم افسانۂ حسن و وفا

درد و غم کا اک حسیں عنوان بن جاتا ہے دل

کس کا یہ حسن تصور ہے کہ فرط جوش میں

منزل دار و رسن سے بھی گزر جاتا ہے دل

ان دنوں اے سیفؔ اپنا تو یہی ہے مشغلہ

جوڑتا جاتا ہوں میں اور ٹوٹتا جاتا ہے دل

کرتے ہیں میرے دل پہ وہ مشق ستم کہاں (غزل)

کرتے ہیں میرے دل پہ وہ مشق ستم کہاں

اگلی سی اب وہ ان کی نگاہ کرم کہاں

دل میں خوشی کی لہر ہے رنج و الم کہاں

تم جب سے مل گئے ہو زمانے کے غم کہاں

جو دور کر سکیں تری زلفوں کے پیچ و خم

اتنا بھی تیرے چاہنے والوں میں دم کہاں

اے دوست میں تو گم ہوں خیال حبیب میں

میری نظر میں جلوۂ دیر و حرم کہاں

جو پردہ دار عصمت عشق و جمال ہو

ایسے خیال نے ہی لیا ہے جنم کہاں

مزید غزلیں از سیف سمستی پوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں