پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سیف قریشی کی غزلیں — Saif Qureshi Ghazals

سیف قریشی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کسی کے لبوں کی دعا چاہتا ہے (غزل)

کسی کے لبوں کی دعا چاہتا ہے

بھلا درد دل اور کیا چاہتا ہے

ستم کا محبت صلہ چاہتا ہے

کہ اب بے وفا بھی وفا چاہتا ہے

دکھا حسن پھر سے اٹھا پھر سے پردا

کوئی زندگی کی دوا چاہتا ہے

اٹھا دے نگاہیں مری سمت اک بار

سمندر میں دل ڈوبنا چاہتا ہے

مری جان مجبور ہوں میں وگرنہ

مجھے بھی کوئی دوسرا چاہتا ہے

مرے حال دل سے خبردار ہے وہ

زباں سے مگر تذکرہ چاہتا ہے

جوانی نہیں اک بلا ہے کہ ہر دم

جنوں اک نیا راستہ چاہتا ہے

ہر اک آرزو پیش کر دی ہے میں نے

وہی ہوگا اب جو خدا چاہتا ہے

زخم کھائے ہیں درد پایا ہے (غزل)

زخم کھائے ہیں درد پایا ہے

جب کسی سے بھی دل لگایا ہے

جب کسی نے بھی دل لبھایا ہے

پھر کوئی ہم کو یاد آیا ہے

خواب آنکھوں کو پھر دکھایا ہے

پھر کوئی اب گلاب لایا ہے

ہم کو سانسوں میں گنگنایا ہے

پھر کسی شوخ نے بلایا ہے

پھر دل ناداں چوٹ کھائے گا

پھر کوئی چہرہ مسکرایا ہے

ماہ رو نے وہی شرارت کی

جذبۂ دل کو پھر جگایا ہے

حسن حاضر ہوا کوئی پھر سے

پھر وفا کا سوال آیا ہے

مزید غزلیں از سیف قریشی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں