پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سیف عرفان کی غزلیں — Saif Irfan Ghazals

سیف عرفان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بس ایک عشق والی کہانی نکال کر (غزل)

بس ایک عشق والی کہانی نکال کر

بچتا ہی کیا ہے یار جوانی نکال کر

وہ بد نصیب لوگ بڑے بد نصیب لوگ

پیاسے رہے زمین سے پانی نکال کر

بیٹھے ہوئے ہیں صبح سے افسوس میں یوں ہی

تصویر کوئی اپنی پرانی نکال کر

اب لوگ لکھ رہے ہیں محبت کی داستان

ملبے سے میرے اس کی نشانی نکال کر

اک بادشاہ وقت کو ہم نے شکست دی

بس اس کی داستان سے رانی نکال کر

عرفانؔ لگ رہا ہے یہ ٹھہراؤ میں مگر

ٹھہرا کبھی ہے دریا روانی نکال کر

تم نے جو قربتوں میں یہ رکھا ہے فاصلہ (غزل)

تم نے جو قربتوں میں یہ رکھا ہے فاصلہ

کچھ دیر کا اگر ہے تو اچھا ہے فاصلہ

خود سے ملے ہوئے ہمیں عرصہ گزر گیا

ہم نے بہت قریب سے دیکھا ہے فاصلہ

بدلے ہیں عشق نے بھی ازل سے ہزار رنگ

کوشش ہو قربتوں کی تو بڑھتا ہے فاصلہ

دو ہی سبب ہیں گریہ کے تم سے ہیں منسلک

پہلا تمہارا ربط ہے دوجا ہے فاصلہ

جب سے ملے ہیں تم سے اسی کشمکش میں ہیں

دھوکا یہ قربتیں ہیں یا دھوکا ہے فاصلہ

بستر کے ایک چھور پہ تم ہو اور اک پہ میں

کم دکھ رہا ہے پر بڑا لمبا ہے فاصلہ

یہ زندگی تبھی تو دکھاتی ہے اپنے رنگ

جب جب ہمارے بیچ میں گھٹتا ہے فاصلہ

دکھتا ہے اس کا عکس ہی ہر شکل میں مجھے

اس نے عجیب ڈھنگ سے برتا ہے فاصلہ

مزید غزلیں از سیف عرفان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں