سیف دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مل جائے گی دنیا میں ہی جنت اسے کہنا (غزل)
مل جائے گی دنیا میں ہی جنت اسے کہنا
کرتا رہے ماں باپ کی خدمت اسے کہنا
اتنی سی کرے ہم پہ عنایت اسے کہنا
لائے نہ محبت میں سیاست اسے کہنا
وہ ساتھ رہے پر ہمیں عادت نہ بنائے
ہوتی ہے بری چیز یہ عادت اسے کہنا
کچھ روز کا مہمان ہے دیوانہ تمہارا
اب ٹھیک نہیں رہتی طبیعت اسے کہنا
جو فیصلہ کرنا ہے وہ ہم گھر میں کریں گے
جائے نہ مرا بھائی عدالت اسے کہنا
دشوار ہے ملنا تو کوئی بات نہیں ہے
لیکن وہ ہمیں لکھتا رہے خط اسے کہنا
کہنا کہ اسے آج بھی ہم یاد کرے ہیں
ہے اب بھی ہمیں اس سے محبت اسے کہنا
بس پیار سے اک بار مرا نام پکارے
جب بھی ہو اسے میری ضرورت اسے کہنا
لے جائے گا ہم راہ میں اعمال وہ اپنے
رہ جائے گی دنیا میں ہی دولت اسے کہنا
اتنا نہیں نظر کو ہی بھاتا چلا گیا (غزل)
اتنا نہیں نظر کو ہی بھاتا چلا گیا
وہ شخص میرے دل میں سماتا چلا گیا
میرے قلم نے خاص تو کچھ بھی نہیں کیا
جو سو رہے تھے ان کو جگاتا چلا گیا
لوگوں نے میرا راستہ روکا تھا میں مگر
پانی کی طرح راہ بناتا چلا گیا
یارو کمال ہے کہ وہ میرا نہ بن سکا
لیکن مجھے وہ اپنا بناتا چلا گیا
اس نے تو میرے راز کو رہنے دیا نہ راز
میں کس کو اپنا راز بتاتا چلا گیا
تب تک نظر میں ان کی میں اچھا بنا رہا
جب تک کی ہاں میں ہاں میں ملاتا چلا گیا