پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سیف بجنوری کی غزلیں — Saif Bijnori Ghazals

سیف بجنوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کوئی مقام نہیں حد اعتبار کے بعد (غزل)

کوئی مقام نہیں حد اعتبار کے بعد

کہاں میں سجدہ کروں آستان یار کے بعد

اٹھوں تو جاؤں کہاں جائے پر بہار کے بعد

کہیں پناہ نہیں ان کی رہ گزار کے بعد

کہاں کا عزم ہے اے دل حصول کار کے بعد

اب اور بھی کوئی کعبہ ہے کوئے یار کے بعد

تباہ ہم ہوئے بیم و رجا میں آخر کار

کچھ انتظار سے پہلے کچھ انتظار کے بعد

گلا نہیں ہے جفا کا مگر سوال یہ ہے

ستائیں گے کسے پھر آپ جاں نثار کے بعد

کسے خبر ہے کہ گزرے گی اس اسیر پہ کیا

قفس ملے جسے رنگینیٔ بہار کے بعد

سحر کے ہوتے ہی رخصت ہوا مریض فراق

جہاں میں کام ہی کیا تھا اب انتظار کے بعد

کسی سے مشورۂ ترک عشق سیفؔ نہ کر

نہ سن کسی کی دل آزمودہ کار کے بعد

کس لطف سے محفل میں بٹھائے گئے ہم لوگ (غزل)

کس لطف سے محفل میں بٹھائے گئے ہم لوگ

کیا راز تھا خاطر میں جو لائے گئے ہم لوگ

شمعیں تری یادوں کی جلائے گئے ہم لوگ

اشکوں کے خزانے تھے لٹائے گئے ہم لوگ

سر نقش کف پا پہ جھکائے گئے ہم لوگ

یوں رسم وفا ان سے بنائے گئے ہم لوگ

غیروں نے مرتب کئے افسانے ستم کے

افسانوں کے عنوان بنائے گئے ہم لوگ

ہیں مورد الزام ہمیں تیری نظر میں

دنیا کی خطاؤں پہ ستائے گئے ہم لوگ

گو ہم نہ رہے رہ گیا افسانہ ہمارا

ماضی کی طرح ہو گئے آئے گئے ہم لوگ

ہم مٹ گئے دنیا سے تو سمجھی ہمیں دنیا

کھوئے گئے ہم لوگ تو پائے گئے ہم لوگ

اچھے رہے وہ لوگ جو بندے تھے ہوس کے

آداب محبت میں مٹائے گئے ہم لوگ

کچھ ایسے گرے سیفؔ نگاہوں سے ہم ان کی

جس بزم میں بھی پہنچے اٹھائے گئے ہم لوگ

مزید غزلیں از سیف بجنوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں