پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ساحرہ بیگم کی غزلیں — Sahira Begum Ghazals

ساحرہ بیگم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گردش وقت تیرا احساں ہے (غزل)

گردش وقت تیرا احساں ہے

اپنے آنسو ہیں اپنا داماں ہے

چارہ گر چھوڑ فکر درماں کی

اب مرا درد میرا درماں ہے

ہوتے جاتے ہیں راستے دشوار

روشنی ہر قدم گریزاں ہے

قید ہیں لوگ بے در و دیوار

ہر طرف ایک ایسا زنداں ہے

کوئی بتلا دے ناخداؤں کو

ساحلوں کے قریب طوفاں ہے

میری بالیں پہ کیا ملا آ کر

زندگی موت سے پشیماں ہے

عشق کا مرحلہ بھی کیا کہئے

کتنا دشوار کتنا آساں ہے

ساحرہؔ اس لئے پریشاں ہوں

کوئی میرے لیے پریشاں ہے

چاہے ایک شب کی ہو دل کشی چراغوں کی (غزل)

چاہے ایک شب کی ہو دل کشی چراغوں کی

پھر بھی خوب صورت ہے زندگی چراغوں کی

بستیوں کی تاریکی اب بھی ہے نگاہوں میں

کون بھول سکتا ہے دوستی چراغوں کی

ہم جلا کے نکلیں گے مشعل دل و جاں اب

کھو گئی اندھیروں میں روشنی چراغوں کی

آپ نے تو دیکھا ہے صبح کا حسیں منظر

آپ نے نہیں دیکھی بے بسی چراغوں کی

زندگی کی راہوں میں دور تک اندھیرا ہے

اور سب کے ہونٹوں پر بات تھی چراغوں کی

جب بھی آ نکلتے ہیں کچھ ہواؤں کے جھونکے

لو لرزنے لگتی ہے نقرئی چراغوں کی

کتنے ماہتاب اپنی رہ گزر میں ہیں لیکن

ساحرہؔ ضرورت ہے آج بھی چراغوں کی

مزید غزلیں از ساحرہ بیگم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں