پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ساحل فاروقی امروہوی کی غزلیں — Sahil Farooqui Amrohvi Ghazals

ساحل فاروقی امروہوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جذبۂ عشق کم دکھاتا ہوں (غزل)

جذبۂ عشق کم دکھاتا ہوں

جان تجھ پر مگر لٹاتا ہوں

یوں کسی کو نہیں میں یاد آیا

میں بھی تو سب کو بھول جاتا ہوں

کان بھرتے ہیں ایک دوجے کے

اپنے دشمن کو میں ہی بھاتا ہوں

تیرے چہرے سے زلف کا پردا

اپنے ہاتھوں سے میں ہٹاتا ہوں

بات کر لوں ہزار کرنے کو

میں ہی خود دوریاں بڑھاتا ہوں

تجھ سے شکوہ بھی شاعرانہ ہے

یوں تجھے آئنہ دکھاتا ہوں

ہجر کی رات مجھ پہ ہے بھاری

صبح اٹھتا ہوں لڑکھڑاتا ہوں

وہ مجھے چھوڑنے ہی والا ہے

میں بھی نزدیکیاں مٹاتا ہوں

خواہش وصل یوں نہیں ساحلؔ

ملنے والوں سے مات کھاتا ہوں

سفر پر ہمیں ہم سفر چاہیئے تھا (غزل)

سفر پر ہمیں ہم سفر چاہیئے تھا

برا ہو بھلا ہو مگر چاہیئے تھا

جہاں سے تجھے بس تجھے دیکھتے ہم

اک ایسا ہمیں بھی تو گھر چاہیئے تھا

لگایا نہیں دل سے میں نے ابھی تک

وہ غم جو ترے جانے پر چاہیئے تھا

لو سانچے میں ڈھلنے لگا ہے تخیل

ہمیں سوچنا سوچ کر چاہیئے تھا

دعائیں وفائیں ادائیں محبت

ہمیں اور کیا رات بھر چاہیئے تھا

تمہیں کیا بتاؤں بتاؤ رقیبو

وہ جو تھا مجھے کس قدر چاہیئے تھا

جو پھرتا رہا دل کی گلیوں میں ساحلؔ

اسے دل نہیں میرا سر چاہیئے تھا

مزید غزلیں از ساحل فاروقی امروہوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں