ساحل بدایونی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کسی دن کام اپنا یہ غم ناکام آ جائے (غزل)
کسی دن کام اپنا یہ غم ناکام آ جائے
کہ میرے ہاتھ میں یہ گردش ایام آ جائے
میں بازی گر کے جیسے یوں اچھالوں عرش کے گولے
کہ جتنا کرب عالم کا ہے میرے نام آ جائے
توجہ غیر کے زخموں پہ بھی کچھ چارہ گر کی ہو
ہمارا ضبط ہی یارو کسی کے کام آ جائے
مرا انسان سے انسانیت کا تو تعلق ہے
کہ اس کے زخم بھر جائیں مجھے آرام آ جائے
اجالے تند ہوتے جا رہے ہوں جانب منزل
پلک جھپکاؤں اور آنکھوں کے آگے شام آ جائے
کبھی یوں ہو کہ سوتے وقت مجھ کو خواب نہ آئیں
مجھے بس نیند آ جائے ذرا آرام آ جائے
اپنے ہی آپ سے ملنے کو ترس جائے گی (غزل)
اپنے ہی آپ سے ملنے کو ترس جائے گی
روح جو جسم میں جائے گی تو پھنس جائے گی
یہ خوشی ابر کے مانند گزر جائے گی
دشت کو چھوڑ سمندر پہ برس جائے گی
مطمئن آنکھ تو ہو جائے گی خوابوں سے مگر
روح سچائی کو دیکھے گی جھلس جائے گی
یاد آئے گی رلائے گی چلی جائے گی
یہ اذیت ہے تیری روح میں بس جائے گی
لگ گیا خون مری چشم کے منہ کو یارو
کس طرح اب مری آنکھوں کی ہوس جائے گی
میں ستاروں سے بہت دور نہیں ہوں سو اب
بد نصیبی مرے معیار پہ کس جائے گی
اپنے اندر کے سمندر کا ہوں تنکا ساحلؔ
جاؤں گا لے کے جدھر موج نفس جائے گی