پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ساحل مانکپوری کی غزلیں — Sahil Manakpuri Ghazals

ساحل مانکپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ڈر کے وہ بات سے اپنی جو مکر جائے گا (غزل)

ڈر کے وہ بات سے اپنی جو مکر جائے گا

ایک خنجر مرے سینے میں اتر جائے گا

اک ذرا رات کٹے صبح کا سورج نکلے

دھوپ کے رنگ میں ہر پھول نکھر جائے گا

جسم جل جائے گا ہڈی بھی چٹخ جائے گی

وقت کے ساتھ ہی سب رنگ اتر جائے گا

ان کی آنکھوں میں ابھی تیشۂ سورج بھی نہیں

ابر اٹھے گا تو جسموں پہ بکھر جائے گا

پھرتے دیکھے گا مجھے شہر میں آوارہ اگر

لے کے مایوسی کا احساس وہ گھر جائے گا

مرے سینے میں پتھر سو رہا ہے (غزل)

مرے سینے میں پتھر سو رہا ہے

شکستہ نیند محشر سو رہا ہے

اگر جاگا تو میں نکلوں گا باہر

ابھی دیوار میں در سو رہا ہے

ہماری پیاس جانے کب بجھے گی

کہ ہونٹوں پر سمندر سو رہا ہے

عجب بو آ رہی ہے آستیں سے

کہ جیسے کوئی خنجر سو رہا ہے

ہلانے میں لگے ہیں لوگ جس کو

اسی بنیاد پر گھر سو رہا ہے

کھڑے اشجار پتھر بن چکے ہیں

کہ چشمے پر سکندر سو رہا ہے

دور وسعتوں میں (نظم)

دور وسعتوں میں

روشنی سی ملتی ہے

جیسے کہہ رہی ہو وہ

تیرگی و ظلمت سے

ظلم اور غریبی اب

اس جگہ نہیں ہوگی

موت تجھ کو آئے گی

اور زندگی تجھ پر

خوب مسکرائے گی

مزید غزلیں از ساحل مانکپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں