پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صاحبہ شہریار کی غزلیں — Sahiba Sheheryar Ghazals

صاحبہ شہریار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بند آنکھیں کروں اور خواب تمہارے دیکھوں (غزل)

بند آنکھیں کروں اور خواب تمہارے دیکھوں

تپتی گرمی میں بھی وادی کے نظارے دیکھوں

اوس سے بھیگی ہوئی صبح کو چھو لوں جب میں

اپنی پلکوں پہ میں اشکوں کے ستارے دیکھوں

اب تو ہر گام پہ صحرا و بیاباں میں بھی

اپنی وادی کے ہی صدقے میں نظارے دیکھوں

میں کہیں بھی رہوں جنت تو مری وادی ہے

چاند تاروں کے پڑے اس پہ میں سائے دیکھوں

مجھ کو چھو جاتی ہے آ کر جو کبھی صبح تری

ہر طرف پھولوں کے دلچسپ نظارے دیکھوں

یاد آتا ہے مجھے ریت کا گھر بارش میں (غزل)

یاد آتا ہے مجھے ریت کا گھر بارش میں

میں اکیلی تھی سر راہ گزر بارش میں

وہ عجب شخص تھا ہر حال میں خوش رہتا تھا

اس نے تا عمر کیا ہنس کے سفر بارش میں

تم نے پوچھا بھی تو کس موڑ پہ آ کر پوچھا

کیسے اجڑا تھا چہکتا ہوا گھر بارش میں

اک دیا جلتا ہے کتنی بھی چلے تیز ہوا

ٹوٹ جاتے ہیں کئی ایک شجر بارش میں

آنکھیں بوجھل ہیں طبیعت بھی ہے کچھ افسردہ

کیسی السائی سی لگتی ہے سحر بارش میں

مزید غزلیں از صاحبہ شہریار ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں