پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ساحل احمد کی غزلیں — Sahil Ahmad Ghazals

ساحل احمد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آنکھ سے آنسو ٹپکا ہوگا (غزل)

آنکھ سے آنسو ٹپکا ہوگا

صبح کا تارا ٹوٹا ہوگا

پھیل گئی ہے نور کی چادر

رخ سے آنچل سرکا ہوگا

پھیل گئے ہیں رات کے سائے

آنکھ سے کاجل ڈھلکا ہوگا

بکھری پتی دیکھ کے گل کی

کلیوں نے کیا کیا سوچا ہوگا

دیکھ مسافر بھوت نہیں ہے

راہ کا پتہ کھڑکا ہوگا

عارض گل پہ دیکھ کے شبنم

کلیوں نے منہ دھویا ہوگا

چپ چپ رہنا ٹھیک نہیں ہے

بات بڑھے گی چرچا ہوگا

گھوم رہے ہیں شہروں شہروں

کوئی تو آخر تم سا ہوگا

آج کنواں بھی چیخ اٹھا ہے

کسی نے پتھر مارا ہوگا

پھیل گئی ہے پیار کی خوشبو

کوئی پتنگا جلتا ہوگا

مجھ سے ناطہ توڑ کے ساحل

وہ بھی اب پچھتاتا ہوگا

اس کی آنکھوں میں تھی گہرائی بہت (غزل)

اس کی آنکھوں میں تھی گہرائی بہت

کیوں ستاتی ہے یہ تنہائی بہت

ہجر کی سوغات کیا لائی بہت

بے تحاشہ یاد بھی آئی بہت

پیچ و خم زلفوں کا سارا کھل گیا

رات بھر آنکھوں میں لہرائی بہت

کیوں چمک اٹھتی ہے بجلی بار بار

اے ستم گر لے نہ انگڑائی بہت

گھر سے ساحلؔ آ کے لوٹی دھوپ کیا

ہو گئی میری تو رسوائی بہت

چپ چاپ رہو (نظم)

چپ چاپ رہو

ورنہ خاموشی کی چادر

چاک ہو جائے گی

ممکن ہے اس کی یہ پاکی بھی

پاکی نہ رہ جائے

اور یہیں پھر دن کے ڈھلنے پر

احساس گنہ بڑھ جائے

پاکی، پاکی نہ رہ جائے

اور یہیں یہ خاموشی کی چادر

اوڑھ نہ پائے

کوڑھ من کا وہ بن جائے

بہتر ہے چپ چاپ رہو

اس خاموشی کی چادر کو

گرد انا سے دور رکھو

خود کو دنیا سے دور رکھو

دنیا خود بن جاؤ

اپنے اندر تہہ در تہہ باطن میں

ایک جہاں آباد کرو

اخلاق و صداقت

صبر و قناعت

عبد و ریاضت

سمتیں بن جائیں

ارض و سما بن جائیں

خود کو خود میں تحلیل کرو

اپنی پھر تکمیل کرو

مزید غزلیں از ساحل احمد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں