پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صہبا وحید کی غزلیں — Sahba Waheed Ghazals

صہبا وحید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ایک میں ہوں ایک تو ہے با خبر کوئی نہیں (غزل)

ایک میں ہوں ایک تو ہے با خبر کوئی نہیں

ہاتھ میں دے ہاتھ اپنا سر بسر کوئی نہیں

شام مشفق ہے قریب آ درد کا درماں کریں

رات کے صحرا میں اپنا چارہ گر کوئی نہیں

ریت کے سینہ پہ رہ رہ کر چمک اٹھتا ہے کچھ

اب بہ جز اک نقش پا کے راہ بر کوئی نہیں

موڑ کے بائیں طرف ہے سنگ اندازوں کا شہر

دل سا آئینہ نہ لے جا شیشہ گر کوئی نہیں

جانے یہ آسیب ہے کس کی صدا کا در بہ در

میں یہاں ہوں میں یہاں ہوں دیدہ ور کوئی نہیں

ڈھونڈتے پھرتے ہو کس کو چاند کی مشعل لیے

زندگی اک فاصلہ ہے منتظر کوئی نہیں

مہلت نہ دے ذرا بھی مجھے میری جان کھینچ (غزل)

مہلت نہ دے ذرا بھی مجھے میری جان کھینچ

میں آرزو تمام ہوں اپنی کمان کھینچ

اک محشر جمال اٹھا توڑ دے جمود

تیر نظر زمین سے تا آسمان کھینچ

میں آ رہا ہوں برسر موج ہوائے گل

تو لاکھ اپنے گرد حصار مکان کھینچ

لمحات بے اماں بھی غنیمت ہیں پاس آ

موضوع دیگراں بھی نہ اب درمیان کھینچ

وہ لب چشیدنی ہیں وہ دامن کشیدنی

آئے نہ گر یقیں تو پئے امتحان کھینچ

صہباؔ یہ شہر زیست صداؤں کا شہر ہے

یعنی طناب حسرت حسن بیان کھینچ

مزید غزلیں از صہبا وحید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں