پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صہبا لکھنوی کی غزلیں — Sahba Lakhnavi Ghazals

صہبا لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کتنے دیپ بجھتے ہیں کتنے دیپ جلتے ہیں (غزل)

کتنے دیپ بجھتے ہیں کتنے دیپ جلتے ہیں

عزم زندگی لے کر پھر بھی لوگ چلتے ہیں

کارواں کے چلنے سے کارواں کے رکنے تک

منزلیں نہیں یارو راستے بدلتے ہیں

موج موج طوفاں ہے موج موج ساحل ہے

کتنے ڈوب جاتے ہیں کتنے بچ نکلتے ہیں

مہر‌‌ و ماہ و انجم بھی اب اسیر گیتی ہیں

فکر نو کی عظمت سے روز و شب بدلتے ہیں

بحر و بر کے سینے بھی زیست کے سفینے بھی

تیرگی نگلتے ہیں روشنی اگلتے ہیں

اک بہار آتی ہے اک بہار جاتی ہے

غنچے مسکراتے ہیں پھول ہاتھ ملتے ہیں

بے حرف و نوا سخن تو دیکھو (غزل)

بے حرف و نوا سخن تو دیکھو

خوابوں کا ادھوراپن تو دیکھو

لفظوں میں سمٹ سکا نہ پیکر

انسان کا عجز فن تو دیکھو

چہرے کے نقوش بولتے ہیں

تصویر کا بانکپن تو دیکھو

دامن کو بہار چھو گئی ہے

جلتا ہوا پیرہن تو دیکھو

جنگل کا سکوت کہہ رہا ہے

شہروں میں بسی گھٹن تو دیکھو

صدیوں سے لہو میں تر ہے دامن

تاریخ کا پیرہن تو دیکھو

پھول کھلتے رہے (نظم)

پھول کھلتے رہے

زخم رستے رہے

چاند ہنستا رہا

دل سلگتا رہا

ساز بجتے رہے شمع جلتی رہی

زندگی دوش غم پر سسکتی رہی

پھول سے خار تک

قید سے دار تک

زینت رنگ و بو

آدمی کا لہو

شام سے صبح تک روشنی کے لیے

جھلملاتے رہے روشنی کے لئے

مزید غزلیں از صہبا لکھنوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں