صہبا اختر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تم نے کہا تھا چپ رہنا سو چپ نے بھی کیا کام کیا (غزل)
تم نے کہا تھا چپ رہنا سو چپ نے بھی کیا کام کیا
چپ رہنے کی عادت نے کچھ اور ہمیں بد نام کیا
فرزانوں کی تنگ دلی فرزانوں تک محدود رہی
دیوانوں نے فرزانوں تک رسم جنوں کو عام کیا
کنج چمن میں آس لگائے چپ بیٹھے ہیں جس دن سے
ہم نے صبا کے ہاتھ روانہ ان کو اک پیغام کیا
ہم نے بتاؤ کس تپتے سورج کی دھوپ سے مانی ہار
ہم نے کس دیوار چمن کے سائے میں آرام کیا
صہباؔ کون شکاری تھے تم وحشت کیش غزالوں کے
متوالی آنکھوں کو تم نے آخر کیسا رام کیا
مجھے ملا وہ بہاروں کی سر خوشی کے ساتھ (غزل)
مجھے ملا وہ بہاروں کی سر خوشی کے ساتھ
گل و سمن سے زیادہ شگفتگی کے ساتھ
وہ رات چشمۂ ظلمات پر گزاری تھی
وہ جب طلوع ہوا مجھ پہ روشنی کے ساتھ
اگر شعور نہ ہو تو بہشت ہے دنیا
بڑے عذاب میں گزری ہے آگہی کے ساتھ
یہ اتفاق ہیں سب راہ کی مسافت کے
چلے کسی کے لیے جا ملے کسی کے ساتھ
برا نہیں ہے مگر حسب تشنگی بھی کہاں
سلوک شہد لباں میری تشنگی کے ساتھ
فضا میں رقص ہے صہباؔ حسیں پرندوں کا
مجھے بھی حسرت پرواز ہے کسی کے ساتھ
ایک جوان سی اور دیوانی عورت کو (نظم)
ایک جوان سی اور دیوانی عورت کو
میں نے سڑک پر اکثر گھومتے دیکھا ہے
گاہ کسی سائے کی طرف مصروف خرام
اور کبھی وحشت میں جھومتے دیکھا ہے
اس کی سرخ آنکھوں میں پاگل پن کے سوا
اور بھی کچھ ہے جس کا کوئی نام نہیں
اک ایسی بیداری اس پر طاری ہے
جس کے مقدر میں اب کوئی شام نہیں
اس کے پتھر جیسے چپ چپ چہرے پر
اک سنگین اداسی ناچتی رہتی ہے!
اس کی سوئی سوئی گہری پلکوں میں
راتوں کی تاریکی جاگتی رہتی ہے!
اس کے ماتھے پر بکھری زلفوں کا دھواں
جیسے ختم نہ ہونے والا چاند گہن
کیا جانے کس آنکھ سے ٹوٹا تارا ہے
کیا جانے کس سورج کی آوارہ کرن
کیا جانے کس کی بیٹی ہے کس کی بہن
کیا جانے کس باپ کا دل کس ماں کا نور
ایک بگولہ اپنے ویرانے سے جدا
ایک بھٹکتی روح اپنے مرقد سے دور
وہ فٹ پاتھ پہ اور کبھی شہراہوں پر
کیا جانے کس دھن میں تنہا پھرتی ہے
شب کو آخر بار مسافت سے تھک کر
کیا جانے کس گوشے میں جا گرتی ہے
کوئی شریعت جس سے نہیں لے سکتی حساب
جس کا دل نیکی سے بالکل خالی ہے
جانے کس سگ زادہ خباثت کے ہاتھوں
اب وہ بچے کی ماں بننے والی ہے