پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سحرتاب رومانی کی غزلیں — Sahartab Roomani Ghazals

سحرتاب رومانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تیری دستک کی آس دروازے (غزل)

تیری دستک کی آس دروازے

شام سے ہیں اداس دروازے

پھر بھی باہر قدم نہیں رکھا

تھے مرے آس پاس دروازے

اس کے آنگن میں جا کے کھلتے ہیں

میری قسمت کے خاص دروازے

کوئی آواز سن نہیں سکتا

جب کہ لیتے ہیں سانس دروازے

اس کے گھر میں خموش دیواریں

میرے گھر میں اداس دروازے

اس گلی کی طرف نہیں جانا

ہیں وہاں بے لباس دروازے

ٹھیک ہے بند ہی رکھو ہم پر

شہر کے بد حواس دروازے

میں ترے دکھ کو بھی سمجھتا ہوں

اے مرے غم شناس دروازے

میں نے گھر میں رکھے سحرؔ لیکن

مجھ کو آئے نہ راس دروازے

ہجرت بھی وہی نقل مکانی بھی وہی ہے (غزل)

ہجرت بھی وہی نقل مکانی بھی وہی ہے

ہم خانہ بدوشوں کی کہانی بھی وہی ہے

یہ شاعری کرنا کوئی آسان ہے یارو

جو بات چھپانی ہے بتانی بھی وہی ہے

کمرے میں ترے ہجر کے جالے بھی وہی ہیں

دیوار پہ تصویر پرانی بھی وہی ہے

گھر بھی ہے ابھی تک تری خوشبو سے معطر

آنگن میں مرے رات کی رانی بھی وہی ہے

آنکھوں میں ترا عکس لیے پیڑ کھڑے ہیں

رستہ یہ وہی ہے یہ نشانی بھی وہی ہے

بدلا نہیں کچھ بھی ہے وہی دشت نوردی

اور عشق کے دریا کی روانی بھی وہی ہے

محفل میں تجھے دیکھ کے خاموش ہوا ہوں

ورنہ تو مری زود بیانی بھی وہی ہے

اک شخص نے کیا مجھ کو خریدا کہ سحرؔ میں

ارزاں ہوا ایسا کہ گرانی بھی وہی ہے

مزید غزلیں از سحرتاب رومانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں