پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سحر رامپوری کی غزلیں — Sahar Rampuri Ghazals

سحر رامپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جنون عشق لے آیا ارے ظالم کہاں مجھ کو (غزل)

جنون عشق لے آیا ارے ظالم کہاں مجھ کو

نظر آتی ہے اپنی زندگی اک داستاں مجھ کو

بلائیں لاکھ صبح و شام کی رعنائیاں مجھ کو

کہا جائے جسے دل اب میسر ہے کہاں مجھ کو

اسے تدبیر سے نسبت اسے تقدیر ہی کہئے

دکھائے زندگی کی ہر روش ناکامیاں مجھ کو

قسم ان بستیوں سے تو کہیں بہتر تھے ویرانے

ملا ہے کچھ نہ کچھ اکثر سکون دل جہاں مجھ کو

عبث بدلے ہوئے موسم کی دل کش چاندنی راتیں

جو بہلائیں نہ تیری یاد کی رنگینیاں مجھ کو

یہ ناکامی کے بعد احساس ناکامی کے ہنگامے

عطا کر دی ہے گویا دولت کون و مکاں مجھ کو

سحرؔ جذبات کا مندر ہے اور حالات کی پوجا

نہ ربط باغباں مجھ کو نہ خبط آشیاں مجھ کو

کنار آب ہے ابر بہار ہے ساقی (غزل)

کنار آب ہے ابر بہار ہے ساقی

شراب لا کہ فضا بے قرار ہے ساقی

ہوائیں میکدہ بر دوش پھول جام بکف

بہار آج مکمل بہار ہے ساقی

پلا دے آج ہی کل کے لئے جو رکھ دی ہے

کہ زندگی کا کسے اعتبار ہے ساقی

فضا بھی مست ہے گلشن بھی مست ہے لیکن

نیاز مند ابھی ہوشیار ہے ساقی

رہوں میں ہوش میں جب تک پلائے جا مجھ کو

پھر اس کے بعد تجھے اختیار ہے ساقی

نثار لالہ و گل کی جوانیاں تجھ پر

ترے سحرؔ کو ترا انتظار ہے ساقی

سب کو ہے چین سا (نظم)

سب کو ہے چین سا

سب کو ہے آسرا

میں ہوں چھوٹا تو کیا

آتی ہے جب کلی

بنتی ہے پھول بھی

میں چھوٹا تو کیا

ننھی سی بوند سے

کتنے دریا بہے

ہلکی ہلکی پھوار

لاتی ہے کیا بہار

ایک چیونٹی ارے

اور ہاتھی مرے

اک گلہری اٹھے

ٹکڑے پتھر کرے

مزید غزلیں از سحر رامپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں