پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سحر پریمی کی غزلیں — Sahar Premi Ghazals

سحر پریمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ترے ناز اٹھانے کو جی چاہتا ہے (غزل)

ترے ناز اٹھانے کو جی چاہتا ہے

مقدر بنانے کو جی چاہتا ہے

فغاں لب پہ لانے کو جی چاہتا ہے

قیامت اٹھانے کو جی چاہتا ہے

نہیں مر کے بھی بھولنا جن کو ممکن

انہیں بھول جانے کو جی چاہتا ہے

تمہیں دیکھ کر آج جان تمنا

محبت جتانے کو جی چاہتا ہے

وہ غم جس کی لذت ہے معلوم دل کو

وہ غم پھر اٹھانے کو جی چاہتا ہے

ذرا بجلیوں کو تو آواز دینا

نشیمن بنانے کو جی چاہتا ہے

یہ دل آزمائش میں ٹھہرے نہ ٹھہرے

مگر آزمانے کو جی چاہتا ہے

بہاریں کہاں راس آئیں گی مجھ کو

خزاں کو منانے کو جی چاہتا ہے

غم تازہ کی ہے یہ تمہید شاید

مرا مسکرانے کو جی چاہتا ہے

گھڑی بھر یوں ہی روٹھ جاؤ خدارا

تمہیں پھر منانے کو جی چاہتا ہے

تمہاری ان آنکھوں کی گہرائیوں میں

مرا ڈوب جانے کو جی چاہتا ہے

نظر کا یہ پردہ جو حائل ہے اب تک

اسے سحرؔ اٹھانے کو جی چاہتا ہے

بہار آنے پہ گلشن میں عجب یہ ماجرا ہوگا (غزل)

بہار آنے پہ گلشن میں عجب یہ ماجرا ہوگا

کوئی دامن گلوں سے کوئی کانٹوں سے بھرا ہوگا

بروز حشر جب اس سے ہمارا سامنا ہوگا

ہم اس کو دیکھتے ہوں گے وہ ہم کو دیکھتا ہوگا

انہیں کو حق ہے جینے کا جو مرنے سے نہ گھبرائیں

جو جینے سے بھی گھبرائیں وہ مر جائیں تو کیا ہوگا

تجھے اپنا کہوں غیروں کی محفل میں یہ نا ممکن

کبھی ہاں بے خودی میں میں نے ایسا کہہ دیا ہوگا

ترا ہی نام ہے لب پر ترا ہی دھیان ہے دل میں

خدا کہہ دوں تجھے ہمدم تو کیا یہ ناروا ہوگا

نہ آنا ہو تو خوابوں میں بھی آپ آئیں نہ اب ہرگز

کسی فرقت کے مارے پر کرم یہ آپ کا ہوگا

مرا ہونا نہ ہونا ہے تمہاری بزم میں یکساں

نہ تھا تو تم کو کیا غم تھا نہ ہوں گا میں تو کیا ہوگا

مقدر تو مقدر ہے سر تسلیم خم کر دے

برا ہوگا بھلا ہوگا تری کوشش سے کیا ہوگا

ہمیں بھی دیکھ لیں اک دن کبھی وہ مہرباں ہو کر

ہماری زندگی میں سحرؔ کیا یہ معجزہ ہوگا

مزید غزلیں از سحر پریمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں