صغیر احمد صغیر احسنی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
عشق کیا ہے خود فراموشی مسلسل اضطراب (غزل)
عشق کیا ہے خود فراموشی مسلسل اضطراب
حسن کیا ہے جلوہ آرائی بہ انداز حجاب
روح مضطر دل پریشاں چشم ہے محروم خواب
میں بہت مسرور ہوں اے عشق تو ہے کامیاب
جاں نثاروں پر تمہارے راز یہ افشا ہوا
موت لطف سرمدی ہے زیست یکسر اضطراب
چاک دامانی کا غم ہے اب نہ کچھ فکر رفو
کر چکے دیوانے تم سے زندگی کا انتساب
گل فسردہ ہوں خس و خاشاک میں بالیدگی
باغباں ایسا تو آیا تھا نہ پہلے انقلاب
دو جہاں میں صرف یہ ہے عشق کی دولت صغیرؔ
سینۂ پر داغ چشم تر دل حسرت مآب
جو ماہتاب لگے ہے کبھی گلاب لگے (غزل)
جو ماہتاب لگے ہے کبھی گلاب لگے
اسے قریب سے دیکھیں تو اک سراب لگے
ہر ایک شخص پہ اپنی نظر نہیں ٹکتی
ہو انتخاب تو ایسا کہ انتخاب لگے
عجیب وصل ہے لگتا ہے ہجر ہو جیسے
تری خموش نگاہی ہمیں عذاب لگے
بس ایک بار ترا نام کیا لیا ہم نے
ذرا سی بات پہ لوگوں کو ہم خراب لگے
یہ کیا کہ ہجر نے ہم سے یقین چھین لیا
وہ سامنے ہو ہمارے ہمیں یہ خواب لگے
گناہ گار ہوں نسبت ہے اسم احمد سے
سو اپنا نام بھی لینا مجھے ثواب لگے