پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صغیر ریاض کی غزلیں — Sagheer Riyaz Ghazals

صغیر ریاض کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اتنی خوشبو تو ملاقات میں رہنے دیجے (غزل)

اتنی خوشبو تو ملاقات میں رہنے دیجے

اپنی پہچان مری ذات میں رہنے دیجے

شہر میں اور نئے زخم نہ اگنے پائیں

شاہزادوں کو حوالات میں رہنے دیجے

سر چلا جائے یہ دستار نہ جانے پائے

اتنا تیور تو روایات میں رہنے دیجے

کل کی ٹوٹی ہوئی دیوار کے کام آئیں گی

جتنی اینٹیں ہیں حسابات میں رہنے دیجے

کب یہ کہتا ہوں کہ میں کوئی ولی زادہ ہوں

خاکساری ہی کرامات میں رہنے دیجے

آپ کے شہر میں سورج تو نکلنے سے رہا

ایک مشعل ہی مرے ہات میں رہنے دیجے

آگ اور پھول کی پہچان نہیں جس کو ریاضؔ

ایسے انسان کو خطرات میں رہنے دیجے

ترے قلم سے جو لکھا ہے وہ حساب نہ دے (غزل)

ترے قلم سے جو لکھا ہے وہ حساب نہ دے

مجھے شعور عطا کر مجھے کتاب نہ دے

میں اس صدی میں تو خاموش رہ نہیں سکتا

ابھی سوال سنے جا ابھی جواب نہ دے

اگر قبول کرے تو یہی دعا ہے مری

مرا خدا مجھے جنت میں بھی شراب نہ دے

رہے یہ فرق موذن میں اور منافق میں

جسے اذاں نہ ملے اس کو آفتاب نہ دے

بڑے درختوں کی برکت سے خوب واقف ہوں

مری زمیں مرے بچوں کو یہ عذاب نہ دے

تمام عمر یہ آنکھیں سلگتی رہتی ہیں

مجھے تو نیند عطا کر مجھے تو خواب نہ دے

ترے ہی گھر کے بزرگوں میں جنگ جاری ہے

میں کہہ رہا تھا کہ یوں درس انقلاب نہ دے

زندگی نام ہے جینے کا جسے جانا ہے (نظم)

زندگی نام ہے جینے کا جسے جانا ہے

ہاں مگر جی کے بہک جانے پہ جرمانہ ہے

وقت کی تیز ہواؤں کا یہ سمجھانا ہے

جس نے موسم کو نہ سمجھا وہی دیوانہ ہے

پھول چننا تو سلیقے سے چمن میں رہنا

آبرو دار وطن بن کے وطن میں رہنا

خون یہ اپنا جہاں تک ہے وطن کی حد ہے

اپنی سانسوں میں جو خوشبو ہے چمن کی حد ہے

اپنی مٹی میں اذانوں کی بھجن کی حد ہے

دیش میں سب کے لئے گنگ و جمن کی حد ہے

اپنی حد میں ہیں سبھی ایک تو نفرت کیسی

ایک بھائی کو ہے بھائی سے عداوت کیسی

صرف الفاظ میں الجھے ہیں یہ سرون یہ سلیم

ایک بھگوان خدا ایک تو کیسی تقسیم

بات سچی ہے تو سچ کہتے ہیں یہ دے دو حکیم

ہے جو پوجا میں شری رام عبادت میں رحیم

جوڑ کر دیکھیے اب فرق کہاں ملتا ہے

وہاں جھگڑا نہ ہو ایمان جہاں ملتا ہے

پانچ گاندھی کی نگاہوں میں رہے قربانی

کیوں ملاتے ہو شہیدوں کے لہو میں پانی

ہے کہیں آگ کہیں خون کہیں ویرانی

اپنے گلشن میں کسی کی نہ چلے من مانی

سب قسم کھائیں کہ دنگا نہیں ہونے دیں گے

اور اب دیش کو رسوا نہیں ہونے دیں گے

جو بزرگوں کا سبق ہے وہ سنانا ہوگا

ایکتا ہی میں بھلا ہے یہ دکھانا ہوگا

ہاتھ کے ساتھ ہمیں دل بھی ملانا ہوگا

گھر کو سرحد کو لہو دے کے بچانا ہوگا

اپنے بھارت کے چراغوں کا اجالا بن کر

دشمنوں کے لئے ڈٹ جانا ہمالہ بن کر

مزید غزلیں از صغیر ریاض ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں