پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صغیر ملال کی غزلیں — Sagheer Malal Ghazals

صغیر ملال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیوں ہر عروج کو یہاں آخر زوال ہے (غزل)

کیوں ہر عروج کو یہاں آخر زوال ہے

سوچیں اگر تو صرف یہی اک سوال ہے

بالائے سر فلک ہے تو زیر قدم ہے خاک

اس بے نیاز کو مرا کتنا خیال ہے

لمحہ یہی جو اس گھڑی عالم پہ ہے محیط

ہونے کی اس جہان میں تنہا مثال ہے

آخر ہوئی شکست تو اپنی زمین پر

اپنے بدن سے میرا نکلنا محال ہے

سورج ہے روشنی کی کرن اس جگہ ملالؔ

وسعت میں کائنات اندھیرے کا جال ہے

کسی انسان کو اپنا نہیں رہنے دیتے (غزل)

کسی انسان کو اپنا نہیں رہنے دیتے

شہر ایسے ہیں کہ تنہا نہیں رہنے دیتے

دائرے چند ہیں گردش میں ازل سے جو یہاں

کوئی بھی چیز ہمیشہ نہیں رہنے دیتے

کبھی ناکام بھی ہو جاتے ہیں وہ لوگ کہ جو

واپسی کا کوئی رستہ نہیں رہنے دیتے

ان سے بچنا کہ بچھاتے ہیں پناہیں پہلے

پھر یہی لوگ کہیں کا نہیں رہنے دیتے

جس کو احساس ہو افلاک کی تنہائی کا

دیر تک اس کو اکیلا نہیں رہنے دیتے

واقعی نور لیے پھرتے ہیں سر پہ کوئی

اپنے اطراف جو سایہ نہیں رہنے دیتے

زندگی پیاری ہے لوگوں کو اگر اتنی ملالؔ

کیوں مسیحاؤں کو زندہ نہیں رہنے دیتے

مزید غزلیں از صغیر ملال ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں