صغیر احمد صوفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
محبت میں وفاؤں کا یہی انعام ہے صوفیؔ (غزل)
محبت میں وفاؤں کا یہی انعام ہے صوفیؔ
لیے داغ جدائی حسرت ناکام ہے صوفیؔ
اگر الزام ہے کوئی تو یہ الزام ہے صوفیؔ
کہ تو اپنی شرافت کے لیے بدنام ہے صوفیؔ
ہمیں ہر دور میں تھے گردش ایام کے مارے
مگر ہم سے علاج گردش ایام ہے صوفیؔ
بہ فیض رسم مے خانہ بدلتے ہی رہے ساقی
جو بن مانگے پلائے ساقیٔ گلفام ہے صوفیؔ
کشاکش ہاۓ ہستی نے جسے دیوانگی بخشی
وہ دیوانہ حریف تلخیٔ ایام ہے صوفیؔ
ترے گیتوں کی جھنکاروں سے دنیا گونج تو اٹھی
مگر کاشی کی نگری میں بڑا گمنام ہے صوفیؔ
کام آئی عشق کی دیوانگی کل رات کو (غزل)
کام آئی عشق کی دیوانگی کل رات کو
حسن نے بخشی متاع دوستی کل رات کو
قامت دل کش لباس سرخ میں تھی میہماں
میرے گھر اک سرخ مخمل کی پری کل رات کو
تمتمائے گال بھیگے ہونٹ چشم نیم وا
تھی مجسم جیسے میری شاعری کل رات کو
وہ مرے شانہ بہ شانہ صحن میں محو خرام
چاند کے پہلو میں جیسے چاندنی کل رات کو
نرم بانہوں سے مرے شانوں سے کچھ سازش ہوئی
پڑ گئی گردن میں موتی کی لڑی کل رات کو
شب کے سناٹے میں پیمان وفا باندھے گئے
کچھ نئے وعدوں نے کی جادوگری کل رات کو
ہر گھڑی صوفیؔ نشاط انگیز لمحوں میں کٹی
زندگی تھی در حقیقت زندگی کل رات کو