پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ساغر نظامی کی غزلیں — Saghar Nizami Ghazals

ساغر نظامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حیرت سے تک رہا ہے جہان وفا مجھے (غزل)

حیرت سے تک رہا ہے جہان وفا مجھے

تم نے بنا دیا ہے محبت میں کیا مجھے

ہر منزل حیات سے گم کر گیا مجھے

مڑ مڑ کے راہ میں وہ ترا دیکھنا مجھے

کیف خودی نے موج کو کشتی بنا دیا

ہوش خدا ہے اب نہ غم ناخدا مجھے

ساقی بنے ہوئے ہیں وہ ساغر شب وصال

اس وقت کوئی میری قسم دیکھ جا مجھے

یوں نہ رہ رہ کر ہمیں ترسائیے (غزل)

یوں نہ رہ رہ کر ہمیں ترسائیے

آئیے آ جائیے آ جائیے

پھر وہی دانستہ ٹھوکر کھائیے

پھر مری آغوش میں گر جائیے

میری دنیا منتظر ہے آپ کی

اپنی دنیا چھوڑ کر آ جائیے

یہ ہوا ساغر یہ ہلکی چاندنی

جی میں آتا ہے یہیں مر جائیے

آئی وہ پنگھٹ کی دیوی، وہ پنگھٹ کی رانی (نظم)

آئی وہ پنگھٹ کی دیوی، وہ پنگھٹ کی رانی

دنیا ہے متوالی جس کی اور فطرت دیوانی

ماتھے پر سیندوری ٹیکا رنگین و نورانی

سورج ہے آکاش میں جس کی ضو سے پانی پانی

چھم چھم اس کے بچھوے بولیں جیسے گائے پانی

آئی وہ پنگھٹ کی دیوی وہ پنگھٹ کی رانی

کانوں میں بیلے کے جھمکے آنکھیں مے کے کٹورے

گورے رخ پر تل ہیں یا ہیں پھاگن کے دو بھونرے

کومل کومل اس کی کلائی جیسے کمل کے ڈنٹھل

نور سحر مستی میں اٹھائے جس کا بھیگا آنچل

فطرت کے مے خانے کی وہ چلتی پھرتی بوتل

رگ رگ جس کی ہے اک باجا اور نس نس زنجیر

کرشن مراری کی بنسی ہے یا ارجن کا تیر

سر سے پا تک شوخی کی وہ اک رنگیں تصویر

پنگھٹ بیکل جس کی خاطر چنچل جمنا نیر

جس کا رستہ ٹک ٹک دیکھے سورج سا رہ گیر

آئی پنگھٹ کی دیوی وہ پنگھٹ کی رانی

سر پر اک پیتل کی گاگر زہرہ کو شرمائے

شوق پا بوسی میں جس سے پانی چھلکا جائے

پریم کا ساگر بوندیں بن کر جھوما امڈا آئے

سر سے برسے اور سینے کے درپن کو چمکائے

اس درپن کو جس سے جوانی جھانکے اور شرمائے