ساغر مہدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اک اجنبی خیال میں خود سے جدا رہا (غزل)
اک اجنبی خیال میں خود سے جدا رہا
نیند آ گئی تھی رات مگر جاگتا رہا
سنگین حادثوں میں بھی ہنستی رہی حیات
پتھر پہ اک گلاب ہمیشہ کھلا رہا
دنیا کو اس نگاہ نے دیوانہ کر دیا
میں وہ ستم ظریف کہ بس دیکھتا رہا
اک اجنبی مہک سی لہو میں رچی رہی
نغمہ سا جان و تن میں کوئی گونجتا رہا
اب جا کے یہ کھلا کہ ہر اک شخص دوستو
ہر شخص کو لباس سے پہچانتا رہا
فکر سخن میں رات جو آیا خیال میرؔ
تا دیر ڈائری پہ قلم کانپتا رہا
ساغرؔ تمام عمر کی گردش کے باوجود
میں اس نگاہ ناز سے نا آشنا رہا
ہزار ہم سفروں میں سفر اکیلا ہے (غزل)
ہزار ہم سفروں میں سفر اکیلا ہے
یہ انتشار کہ اک اک بشر اکیلا ہے
گلو بریدہ سبھی ہیں مگر زہے توقیر
بلند نوک سناں پر یہ سر اکیلا ہے
نہ پتیاں ہیں نہ پھل پھول پھر بھی چھاؤں تو دیکھ
سنا تھا میں نے کہ غم کا شجر اکیلا ہے
یہ بھیڑ خاک دکھائے گی شان بے جگری
یہ اس کا حق ہے جو سینہ سپر اکیلا ہے
لپٹ کے روح سے کہتا رہا بدن کل رات
نہ جاؤ چھوڑ کے مجھ کو کہ گھر اکیلا ہے
متاع قلب و جگر کس کو سونپ دوں ساغرؔ
ہجوم بے ہنری میں ہنر اکیلا ہے
یہ بدلتے ہوئے موسموں کا سماں (نظم)
یہ بدلتے ہوئے موسموں کا سماں
جگمگاتی ہوئی شوخ پگڈنڈیاں
لہلہاتی ہوئی دھان کی بالیاں
گنگناتی ہوئی نہر پر چکیاں
کارخانوں میں لوہا پگھلتا ہوا
اور کھلیان سونا اگلتا ہوا
گاؤں کو فخر ہے شہر کو ناز ہے
وہ اگر ایک نغمہ تو یہ ساز ہے
اس نئی زندگی کا یہ اعجاز ہے
دیش بھر کی یہ بھرپور آواز ہے
اپنی دھرتی کو جنت بداماں کریں
کوہ کو کاٹ کر ہم گلستاں کریں
خود کفالت کے جذبے سے معمور ہیں
خواب کیا اب بھی تعبیر سے دور ہیں
خود ہی مالک ہیں ہم خود ہی مزدور ہیں
ہاتھ مصروف ہیں ذہن مسرور ہیں
کتنی مردہ زمینوں میں جاں پھونک دی
اپنی فصلوں میں تاب و تواں پھونک دی
یہ بدلتے ہوئے منظروں کا سماں