پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ساغر مشہدی کی غزلیں — Saghar Mashhadi Ghazals

ساغر مشہدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گم ہو نہ جائے رونق بازار کیا کریں (غزل)

گم ہو نہ جائے رونق بازار کیا کریں

مہنگائی اس قدر ہے خریدار کیا کریں

بچوں سے اپنے انس کا اصرار کیا کریں

ہم خود ہیں اپنی ذات سے بیزار کیا کریں

عزت کا پاس کوئی بھی کرتا نہیں ہے اب

شہر انا میں صاحب دستار کیا کریں

پتھرا گئی ہوں رات کی آنکھیں ہی جب تو پھر

ظلمت کدوں میں دیدۂ بے دار کیا کریں

کاندھوں پہ سب کے رکھی ہوئی ہے صلیب شب

اے صبح زندگی ترے غم خوار کیا کریں

آتی نہیں ہے دل کے دھڑکنے کی بھی صدا

اس خامشی میں صاحب گفتار کیا کریں

اہل زباں کے منہ سے زباں کھینچ لی گئی

اب بے زبان جرأت اظہار کیا کریں

دست ستم نے کاٹ لی بینائیوں کی فصل

اہل نظر شعور کا پرچار کیا کریں

بہرے ہیں کان ذوق سماعت کے باوجود

دھرتی پہ آج عدل کے اوتار کیا کریں

ہر سمت اضطراب ہے بھونچال کی طرح

ایسی فضا میں ثابت و سیار کیا کریں

اب زہر حبس صحن چمن کی ہے زندگی

ساغرؔ امین نکہت گلزار کیا کریں

اہل دل صحرا میں گل کی آرزو کرنے لگے (غزل)

اہل دل صحرا میں گل کی آرزو کرنے لگے

آئنوں کو پتھروں کے روبرو کرنے لگے

اوڑھ کر اپنے بدن پر تجربوں کی آگ کو

حادثے خود حادثوں کو سرخ رو کرنے لگے

سیم و زر کی گود میں پالے ہوئے اہل ہوس

مفلسوں کے ساتھ مل کر رقص ہو کرنے لگے

پھر سے در آیا ہے بازاروں میں سیل احتجاج

اہل غم اپنے لہو سے پھر وضو کرنے لگے

شہر دانش خیز تیری عظمتوں کی خیر ہو

آدمی پھر جنگلوں کی گفتگو کرنے لگے

تھی وہ جس پر ساغر و مینا کی ہر گردش نثار

اس نظر کی آرزو اہل سبو کرنے لگے

مزید غزلیں از ساغر مشہدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں