ساغر خیامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ساری جفائیں سارے کرم یاد آ گئے (غزل)
ساری جفائیں سارے کرم یاد آ گئے
جیسے بھی یاد آئے ہوں ہم یاد آ گئے
جب بھی کہیں سے پیار ملا یا خوشی ملی
دنیا کے درد و رنج و الم یاد آ گئے
دیکھیں ہیں جب بھی گل کے قریں چند تتلیاں
کتنے خیال و خواب بہم یاد آ گئے
لکھا تھا تم نے خط میں کہ تم نے بھلا دیا
کیا حادثہ ہوا ہے کہ ہم یاد آ گئے
پردیس میں جو آئی نظر نرگسی نگاہ
اک با وفا کے دیدۂ نم یاد آ گئے
مدت ہوئی ہے بچھڑے ہوئے اپنے آپ سے
دیکھا جو آج تم کو تو ہم یاد آ گئے
سلجھائیں جب بھی زیست کی ساغرؔ نے گتھیاں
ناگاہ تیری زلف کے خم یاد آ گئے
جان جانے کو ہے اور رقص میں پروانہ ہے (غزل)
جان جانے کو ہے اور رقص میں پروانہ ہے
کتنا رنگین محبت ترا افسانہ ہے
یہ تو دیکھا کہ مرے ہاتھ میں پیمانہ ہے
یہ نہ دیکھا کہ غم عشق کو سمجھانا ہے
اتنا نزدیک ہوئے ترک تعلق کی قسم
جو کہانی ہے مری آپ کا افسانہ ہے
ہم نہیں وہ کہ بھلا دیں ترے احسان و کرم
اک عنایت ترا خوابوں میں چلا آنا ہے
ایک محشر سے نہیں کم ترا آنا لیکن
اک قیامت ترا پہلو سے چلا جانا ہے
خم و مینا مے و مستی یہ گلابی آنکھیں
کتنا پر کیف مرے ہجر کا افسانہ ہے