پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ساغرؔ اعظمی کی غزلیں — Saghar Azmi Ghazals

ساغرؔ اعظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پھولوں سے بدن ان کے کانٹے ہیں زبانوں میں (غزل)

پھولوں سے بدن ان کے کانٹے ہیں زبانوں میں

شیشے کے ہیں دروازے پتھر کی دکانوں میں

کشمیر کی وادی میں بے پردہ جو نکلے ہو

کیا آگ لگاؤ گے برفیلی چٹانوں میں

بس ایک ہی ٹھوکر سے گر جائیں گی دیواریں

آہستہ ذرا چلیے شیشے کے مکانوں میں

اللہ رے مجبوری بکنے کے لیے اب بھی

سامان تبسم ہے اشکوں کی دکانوں میں

آنے کو ہے پھر شاید طوفان نیا کوئی

سہمے ہوئے بیٹھے ہیں لوگ اپنے مکانوں میں

شہرت کی فضاؤں میں اتنا نہ اڑو ساغرؔ

پرواز نہ کھو جائے ان اونچی اڑانوں میں

ایسی نہیں ہے بات کہ قد اپنے گھٹ گئے (غزل)

ایسی نہیں ہے بات کہ قد اپنے گھٹ گئے

چادر کو اپنی دیکھ کے ہم خود سمٹ گئے

جب ہاتھ میں قلم تھا تو الفاظ ہی نہ تھے

اب لفظ مل گئے تو مرے ہاتھ کٹ گئے

صندل کا میں درخت نہیں تھا تو کس لیے

جتنے تھے غم کے ناگ مجھی سے لپٹ گئے

بیٹھے تھے جب تو سارے پرندے تھے ساتھ ساتھ

اڑتے ہی شاخ سے کئی سمتوں میں بٹ گئے

اب ہم کو شفقتوں کی گھنی چھاؤں کیا ملے

جتنے تھے سایہ دار شجر سارے کٹ گئے

ساغرؔ کسی کو دیکھ کے ہنسنا پڑا مجھے

دنیا سمجھ رہی ہے مرے دن پلٹ گئے