ساگر سرفراز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بے قدروں کی بات نہ چھیڑو دکھ ہوتا ہے (غزل)
بے قدروں کی بات نہ چھیڑو دکھ ہوتا ہے
یوں نہ ہمارے زخم کریدو دکھ ہوتا ہے
تم نے تعلق توڑا تھا اپنی مرضی سے
میرے سر الزام نہ ڈالو دکھ ہوتا ہے
مجھ کو بہلانے کی کوشش بھی مت کرنا
جھوٹی ہمدردی رہنے دو دکھ ہوتا ہے
بن تیرے دن جیسے تیسے کاٹ لیا پر
کیسے گزری رات نہ پوچھو دکھ ہوتا ہے
پھولوں اور کلیوں کی باتیں واتیں چھوڑو
دکھتی رگ پر ہاتھ نہ رکھو دکھ ہوتا ہے
شاعر ہوں تنہائی مجھ کو راس آتی ہے
لوگو میرے پاس نہ بیٹھو دکھ ہوتا ہے
تیرے بعد مرے دل پر کیا کیا گزری ہے
جانے دو ساگرؔ جی چھوڑو دکھ ہوتا ہے
براجمان وہ گر دل کے آستان میں ہے (غزل)
براجمان وہ گر دل کے آستان میں ہے
کوئی بتائے گا پھر کون لا مکان میں ہے
تمہاری یاد کا دھندلا سا نقش ہے دل پر
تمہارا عکس ابھی تک مرے گمان میں ہے
مجھے تو فخر ہے اردو میں شعر کہتا ہوں
مگر جو لطف مری مادری زبان میں ہے
جسے یہ اہل وفا دل کا نام دیتے ہیں
متاع جان ترا غم اسی دکان میں ہے
ہمیں تلاش نہ کرنا کتاب نفرت میں
ہمارا ذکر محبت کی داستان میں ہے
یہ شاعری مرے اسلاف کا اثاثہ ہے
سخنوری کا چلن میرے خاندان میں ہے
اسی نے ہم کو بھلایا ہے یار ساگرؔ جی
وہ ایک شخص جو اب تک مرے دھیان میں ہے