پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صفیہ شمیم کی غزلیں — Safiya Shamim Ghazals

صفیہ شمیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شمع امید جلا بیٹھے تھے (غزل)

شمع امید جلا بیٹھے تھے

دل میں خود آگ لگا بیٹھے تھے

ہوش آیا تو کہیں کچھ بھی نہ تھا

ہم بھی کس بزم میں جا بیٹھے تھے

دشت گلزار ہوا جاتا ہے

کیا یہاں اہل وفا بیٹھے تھے

اب وہاں حشر اٹھا کرتے ہیں

کل جہاں اہل وفا بیٹھے تھے

امیدیں مٹ گئیں اب ہم نفس کیا (غزل)

امیدیں مٹ گئیں اب ہم نفس کیا

نشیمن کی خوشی رنج قفس کیا

بسر کانٹوں میں ہو جب زندگانی

بہار خندۂ گل یک نفس کیا

مری دیوانگی کیوں بڑھ رہی ہے

بہار آئی چمن میں ہم نفس کیا

نہ ہو جب رنگ آزادی چمن میں

تو پھر اندیشۂ قید قفس کیا

بہار نو کی پھر ہے آمد آمد

چمن اجڑا کوئی پھر ہم نفس کیا

یہ شفق پگھلے ہوئے سونے کی گویا کان ہے (نظم)

یہ شفق پگھلے ہوئے سونے کی گویا کان ہے

جس طرف دیکھو سنہرے رنگ کا طوفان ہے

عرش سے تا فرش چھائی ہے گلابی روشنی

اف چھڑک دی کس نے عالم پر شراب زندگی

ہو رہی ہیں صفحۂ عالم پر رنگ آمیزیاں

بن گیا سارا جہان سادہ اک رنگیں جہاں

جا رہا ہے قافلہ رنگینیوں نوروں کا یہ

بہہ رہا ہے یا سفینہ چرخ پر حوروں کا یہ

یہ سنہری کون بستی ہے نہیں چلتا پتا

کہہ رہا ہے دل جزیرہ تو نہیں یہ خلد کا

حسن مستی زا کچھ ایسا چھا رہا ہے دہر پر

دل سے میں ہوں بے خبر تو دل ہے مجھ سے بے خبر

خلد کا زریں سمندر موجزن ہے چرخ پر

یا جواہر کا ذخیرہ آ رہا ہے یہ نظر

جس طرف دیکھو زمیں تا آسماں ہے سرخ پوش

اک زمین و آسماں کیا کل جہاں ہے سرخ پوش

یہ تحیر زا نظارے یہ سہانی رنگتیں

کیا اتر آئی ہیں گردوں سے زمیں پر جنتیں

کاش اس دلچسپ تر دنیا میں کھو جائے شمیمؔ

کاش ان رنگینیوں میں جذب ہو جائے شمیمؔ

مزید غزلیں از صفیہ شمیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں