پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صفیہ چودھری کی غزلیں — Safiya Chaudhry Ghazals

صفیہ چودھری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تم مرے شہر میں آتے ہو چلے جاتے ہو (غزل)

تم مرے شہر میں آتے ہو چلے جاتے ہو

دل پہ اک زخم لگاتے ہو چلے جاتے ہو

تم سے مل کر بھی کوئی بات نہیں ہو پاتی

صرف اپنی ہی سناتے ہو چلے جاتے ہو

میں کہ اسباب سفر باندھ کے آ جاتی ہوں

تم نئی راہ دکھاتے ہو چلے جاتے ہو

موسم گل کے اترتے ہی مرے آنگن میں

ہجر کا گیت سناتے ہو چلے جاتے ہو

آج کی شام ترے نام رہے گی میری

ایسے کچھ جھوٹ سناتے ہو چلے جاتے ہو

روٹھ جاؤں تو فقط ایک تبسم دے کر

سارے شکوے ہی بھلاتے ہو چلے جاتے ہو

خواب آنکھوں میں تم سجاؤ تو (غزل)

خواب آنکھوں میں تم سجاؤ تو

کاغذی کشتیاں بناؤ تو

دن کا سورج ہے کس گمان میں اب

لو دئے کی ذرا بڑھاؤ تو

ایک تتلی بھٹک رہی ہے یہاں

رخ سے آنچل ذرا ہٹاؤ تو

ارے صاحب سنو ذرا ٹھہرو

میرا دل ساتھ لے کے جاؤ تو

رنگ ساڑی کا اور نکھرے گا

پھول گیندے کا اک لگاؤ تو

آج موسم بھی خوب ٹھہرا ہے

ایک چائے کا کپ بناؤ تو

سارا منظر سمجھ میں آئے گا

آنکھ کا زاویہ بناؤ تو

میں عورت ذات ہوں مجھ کو وفا کرنے کی عادت ہے (نظم)

میں عورت ذات ہوں مجھ کو وفا کرنے کی عادت ہے

کبھی ریتوں رواجوں سے

کبھی سوکھے گلابوں سے

کبھی کچھ ایسے خوابوں سے کہ جن کی کرچیاں چن کر مری پوریں ہوئیں چھلنی

کبھی اس آشیانے سے کہ جس کا ایک اک تنکا صبح سے شام ہونے تک وفا سے میں نے جوڑا ہو

کبھی میں صورت حوا کبھی میں عکس مریم ہوں

مثال چادر زینب بڑھاؤں مان زہرا کا

مرے عزم سفر میں آج تک لغزش نہیں آئی

میں ہر اک امتحاں میں صورت کہسار ٹھہری ہوں

زمانے کے سوالوں کو جواباً ایک ہی فقرہ مرے کہنے کو کافی ہے

وفا کرنے کی عادت ہے

مزید غزلیں از صفیہ چودھری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں