پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صفوت علی صفوت کی غزلیں — Safwat Ali Safwat Ghazals

صفوت علی صفوت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کبھی کھونا کبھی کھو کر کے پانا ساتھ چلتا ہے (غزل)

کبھی کھونا کبھی کھو کر کے پانا ساتھ چلتا ہے

یہ دنیا ہے یہاں پر آنا جانا ساتھ چلتا ہے

ازل سے آج تک یہ عاشقانہ ساتھ چلتا ہے

محبت جس طرف جائے زمانہ ساتھ چلتا ہے

مگر یہ قتل و غارت فلم ناٹک کیا ڈرامہ ہے

حقیقت تلخ ہے اتنی فسانہ ساتھ چلتا ہے

وہی ہے شرح لٹریسی وہی ووٹر ہیں نا خواندہ

حکومت پر وہی قابض گھرانا ساتھ چلتا ہے

محبت فلسفہ ہے امجد اسلام اپنا بھی

عمل پیہم مگر یہ کافرانہ ساتھ چلتا ہے

ہوئی جاتی ہے صفوت ختم فکر کشت ویراں بھی

چلے جائیں جدھر ہم آب و دانہ ساتھ چلتا ہے

ہو کشف نظر ہم پہ تو ہو جائے عیاں اور (غزل)

ہو کشف نظر ہم پہ تو ہو جائے عیاں اور

دیدار مسلسل ہو سماں پر ہو سماں اور

ہو کن فیکون اور چلے کار زماں اور

پیدا نئے تارے ہوں منور ہو جہاں اور

ہوں مہر و مہ و نجم مرے پاؤں کے نیچے

ہوں خلد سے اوپر بھی بہت کون و مکاں اور

ہو رخت سفر صورت براق ہمارا

معراج پہ معراج ہو ہر روز یہاں اور

گردش ہو اشاروں پہ مرے شمس و قمر کی

بانٹوں میں ہر اک فرد کو اک عمر رواں اور

خلیوں میں جو گھڑیاں ہیں وہ قابو میں ہوں اپنے

دل آئے تو پیری ہو دل آئے تو جواں اور

ہو پیرہن صبح میں صدیوں کا اجالا

ہو پھر نہ کبھی شام کی لالی میں فغاں اور

ہو مسجد نبوی مری آواز بلالی

وہ سامنے بیٹھے ہوں میں دوں ایک اذاں اور

صفوتؔ سر فہرست ہیں گو لوح تخیل

کہتے ہیں کہ غالبؔ کا ہے انداز بیاں اور

مزید غزلیں از صفوت علی صفوت ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں